عمر گل اور سعید اجمل قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچز مقرر
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا میں ٹیسٹ اور نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے عمر گل اور سعید اجمل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بالترتیب فاسٹ بولنگ اور اسپن بولنگ کوچ مقرر کر دیا۔
پی سی بی نے عمر گل اور سعید اجمل کی تقرری کا اعلان سوشل میڈیا پر اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر پریس ریلز جاری کرتے ہوئے کیا۔ دونوں بولنگ کوچز پاکستان کی 2009 کی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن اور 2012 کی ایشیا کپ جیتنے والی ٹیموں کا حصہ تھے۔
عمر گل اس سے قبل افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز اور اس کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران پاکستان مینز ٹیم کے باؤلنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے 2003 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور پاکستان کے لیے تینوں فارمیٹ میں 378 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
🚨 Umar Gul and Saeed Ajmal have been appointed as the Fast Bowling and Spin Bowling Coaches, respectively, for the Pakistan Men’s Team
Read more ➡️ https://t.co/0rPdPWlvGm pic.twitter.com/FB4sak7sFW
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 21, 2023
سابق عالمی نمبر ایک ون ڈے بولر سعید اجمل جنہوں نے 2008 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا انہوں نے 35 ٹیسٹ، 113 ون ڈے اور 64 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 447 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ میگا ایونٹ میں پاکستان کا بولنگ اٹیک انتہائی غیر موثر رہا اور اپنی روایتی کارکردگی پیش نہیں کر سکا تھا۔
عمرگل نے اپنی تقرری کو اعزاز سمجھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ اپنے سابقہ تجربے کی روشنی میں وہ کوچنگ کی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے وہ ٹیم کی بولنگ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔
سعید اجمل نے بھی کہا کہ ذکا اشرف کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اس ذمہ داری کے لیے موقع فراہم کیا۔ پاکستانی ٹیم میں اسپن بولنگ کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے میں خوشی محسوس کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ میرا کیرئیر اور تجربہ ٹیم میں اسپن بولنگ کو آگے بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔