جی ایس پی پلس کے حوالے سے چوتھی رپورٹ جاری
لاہور:(سنونیوز)یورپی یونین نے جی ایس پی پلس کے حوالے سے چوتھی رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ یورپی کمیشن اور یورپی ایکسٹرنل ایکشن نے مشترکہ طور پر شائع کی ہے۔
یورپی یونین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ پاکستان سمیت فائدہ اٹھانے والے ممالک میں 27 عالمی کنونشنز پر موثر عملدرآمد کے حوالے سےجائزہ شامل ہے، رپورٹ میں پاکستان سمیت 8 بینیفشری ممالک میں عملدرامد کا جائزہ اور سفارشات شامل ہیں۔
جی ایس پی پلس سہولت ان ممالک میں گڈ گورننس اور دیرپا ترقی کے اہداف کی جانب ہیش رفت میں اہم ثابت ہوئی ،جی ایس پی پلس سے پاکستان کو ٹیرف لائین کے 66 فیصد پر زیرو ریٹڈ یا ترجیحی تجارت کا موقع فراہم کرتا ہے ۔
جی ایس پی پلس کی سہولت ای یو مارکیٹس میں پاکستان کو ایکسپورٹ کی صلاحیت میں اضافہ کا موجب ہے،جی ایس پی پلس پاک ای یو تجارتی تعلقات کے لئے بھی اہم ہے ،جی ایس پی پلس کے باعث 2014 سے 2023 تک کے عرصہ میں پاکستان کی ای یو کو برآمدات میں 108 فیصد کا اضافہ ہوا ،اسی طرح ای یو سے پاکستان میں درآمدات میں اس دوران 65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
2013 میں کل تجارتی حجم 8.3 ارب یورو سے بڑھ کر اب 14.85 ارب یورو ہوچکا ہے،پاکستان گارمنٹس، بیڈ لینن، ٹیری ٹاول، ہوزری، لیدر، اسپورٹس اور سرجیکل آئٹمز جی ایس پی پلس کے تحت ای یو کو ایکسپورٹ کرتا ہے۔پاکستان کو یورپی یونین نے 2014 میں جی ایس پی پلس کا اسٹیٹس دیا تھا،یہ اسٹیٹس 27 عالمی کنونشنز کی توثیق کے نتیجہ میں ملا تھا۔