سابق امریکی صدر کی اہلیہ روزلین کارٹر انتقال کر گئیں
Image

واشنگٹن: (سنو نیوز)امریکا کے سابق صدور میں سے ایک جمی کارٹر کی اہلیہ روزلین کارٹر 96 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ کارٹر سینٹر نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ جب مسز کارٹر کا انتقال ہوا تو سابق صدر کے خاندان کے افراد ان کے قریب موجود تھے۔

گذشتہ جمعہ کو اعلان کیا گیا تھا کہ مسز کارٹر کو ریاست جارجیا کے ایک ہسپتاک میں داخل کرایا گیا ہے۔ مسز کارٹر ڈیمنشیا میں مبتلا تھیں۔ اس سے قبل فروری میں اعلان کیا گیا تھا کہ جمی کارٹر، جن کی عمر 99 سال ہے، اس ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

جمی کارٹر اور ان کی اہلیہ روزلین نے گذشتہ جولائی میں شادی کے 77 سال کا جشن منایا تھا۔جمی کارٹر نے ایک بیان میں اپنی اہلیہ کو "اپنی تمام کامیابیوں میں اس کا ساتھی" قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے مجھے ہمیشہ رہنمائی دی۔ میں جانتا تھا کہ کوئی ہے جو مجھ سے پیار کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کی بہن میریانے ٹرمپ انتقال کرگئیں

روزلین کارٹر، جن کا نام شادی سے پہلے ایلینور روزلین اسمتھ تھا، 18 اگست 1927 ء کو پیدا ہوئیں اور 1946 ء میں جمی کارٹر سے شادی کی۔ مسز کارٹر کے چار بچے، گیارہ پوتے اور چودہ پڑپوتے تھے۔

صدارت کے علاوہ، جمی کارٹر نے ریاست جارجیا کے گورنر کے طور پر کام کیا، اور مسز کارٹر اپنے شوہر کے سیاسی کیرئیر کے دوران ذہنی صحت کے فروغ کے شعبے میں سرگرم تھیں۔

مسز کارٹر نے وائٹ ہاؤس مینٹل ہیلتھ کمیشن کی سربراہ کی حیثیت سے ان مریضوں کے لیے حفاظتی قوانین کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا۔

اپنے شوہر کی صدارت کے بعد، مسز کارٹر نے جمی کارٹر کے ساتھ کارٹر سنٹر کی بنیاد رکھی اور انسانی حقوق، تنازعات کے حل، ذہنی صحت، بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات اور دیہی برادریوں کی مدد کے میدان میں کام کیا۔

2013 ء میں ایک انٹرویو میں، روزلین کارٹر نے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ وہ ذہنی امراض میں مبتلا لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مدد کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔