پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا 22 جولائی کو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان
Image
کراچی(سنو نیوز) پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام چیئرمین پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن عبدالسمیع نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح پر ہے، مہنگائی کی شرح 38 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ شرح سود، بجلی اور دیگر بلوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوگیا ہے، پیٹرولیم ڈیلرز کا منافع منفی ہوچکا ہے، ملک میں 12 ہزار ڈیلرز نیٹ ورک کے ساتھ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز نے کہا کہ 1999 میں حکومت سے طے ہوا تھا کہ ہمیں 5 فیصد منافع ملتا رہے گا ، 2004 تک یہ منافع کم ہو کر 4 فیصد ہو گیا، موجودہ حکومت نے اس مارجن کو 6 روپے فی لیٹر کردیا جو ناقابل قبول تھا۔ عبدالسمیع خان نے مزید کہا کہ حکومت حالات کو دیکھتے ہوئے پھر منافع پر بات کرے، سمگل شدہ پیٹرول کی فروخت کی وجہ سے ہماری فروخت 30 فیصد کم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 جولائی کو صبح 6 بجے سے ملک بھر کے تمام تر پیٹرول پمپس بند کردئیے جائینگے، ہڑتال غیر معینہ مدت کے لئے کی جا رہی ہے، ہم مجبوراً ہڑتال پر جانے کی کال دے رہے ہیں۔