بابراعظم کے ساتھ اختلافات؟ شاہین شاہ آفریدی کا بڑا بیان
Image

کراچی :(ویب ڈیسک )ایشیاء کپ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد ڈریسنگ روم میں کپتان بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کے درمیان لڑائی کی خبریں گردش کررہی تھیں جس پر دونوں جانب سے تصدیق یا تردید تو نہ ہوسکی تاہم شاہین شاہ آفریدی نے ایک تصویر اپلوڈ کرکے سارے معاملے کو ختم کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر کپتان بابراعظم کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی جس میں دونوں ایک دوسرے کے ساتھ محو گفتگو ہیں،اس تصویر میں سب سے زیادہ توجہ طلب چیز کیپشن تھا جس میں شاہین شاہ آفریدی نے فیملی لکھا ہو اتھا۔شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے فیملی لکھنے کا مقصد ان تمام تر افواہوں کومسترد کرنا تھا جو ان کے اور بابراعظم کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تیزی سے پھیلائی جارہی تھی۔

واضح رہے کہ چند نیوز چینلز کی جانب سے یہ دعوی ٰ کیا گیا تھا کہ ایشیاء کپ میں سری لنکا سے شکست کے بعد بابراعظم نے ڈریسنگ روم نے کھلاڑیوں پر غصہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ زیادہ اسٹار نہ بنیں بلکہ اپنی پرفارمنس پر توجہ دیں،اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے بابراعظم کو یہ کہا تھا جن کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا انہیں شاباشی ملنی چاہیے۔

نیوز چینلز کے بقول اس دوران دونوں اسٹارز میں تلخی بڑھ گئی جس پرمحمد رضوان نے مداخلت کرتے ہوئے معاملہ رفع دفع کیا تھا۔کرکٹرز کی آپس میں لڑائی کی بے بنیاد خبریں پھیلانے پر عام عوام کے ساتھ ساتھ کرکٹرز نے بھی نیوز چینلز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا کہ انہوں نے غیر ذمہ دارانہ صحافت کا مظاہرہ کیا۔