پولیو ٹیم پر حملہ،ڈاکٹرشہید،پولیس اہلکار زخمی
Image

باجوڑ: (ویب ڈیسک )خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پولیو ٹیم پر حملے میں کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہید جبکہ پولیس اہل کار زخمی ہوگیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند کے علاقے باد سیاہ میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی، جس میں 2 افراد شدید زخمی ہو گئے۔زخمیوں میں پولیو کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبدالرحمٰن اور ایک پولیس اہلکار الیاس شامل تھا جنہیں ریسکیو 1122 کے ذریعے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔عبدالرحمٰن دوران علاج جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے جبکہ پولیس اہلکار کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔

وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے باجوڑ میں پولیو آفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن پر حملے اور شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالرحمن کی شہادت پر انتہائی افسردہ ہوں، حملے کی خبر ملتے ہی ڈاکٹر عبدالرحمن کے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں رہا اور انہیں طبی امداد کیلیے اسلام آباد منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی تاہم وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالرحمن کے قاتلوں کو ہر صورت کٹہرے میں لا کر نشان عبرت بنائیں گے، ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم اور جذبے کے آڑے نہیں آسکتیں۔

گذشتہ دنوں لاہور میں مغل پورہ کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے کی جبکہ جاں بحق ہونےو الے افراد کی شناخت 24 سالہ زاہد رشید اور 26 سالہ ارسلان غنی کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی اداروں نے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں ، فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے جبکہ واقعہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/18/01/2024/crime/65289/

گذشتہ دنوں کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں سنو نیوز کے سینئر صحافی اور اسٹیشن چیف زخمی ہو گئے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر نامعلوم افراد نے سنو ٹی وی کے کراچی کے اسٹیشن چیف شعیب برنی کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق صحافی کسی شادی میں شرکت کے لیے گئے تھے لیکن لکی ون کے قریب وہ گاڑی پارک کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک شخص نے انہیں گولی مار دی جو ان کے ہاتھ پر لگی۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ ایسوسی ایشن سنو ٹی وی کے بیورو چیف اور سی آر اے کے سینئر ممبر شعیب برنی کی گاڑی پر فائرنگ حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ، آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف حملے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے منظر عام پر لائیں۔ذرائع نے بتایا کہ شعیب برنی گلشن اقبال میں ایک شادی کی تقریب میں فیملی کو ہال کے باہر اتار کر گاڑی پارک کرنے گئے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار دو مسلح افراد نے انہیں گولی ماری جو ان کے بازو میں لگی اور گاڑی کا شیشہ بھی ٹوٹا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گولی لگنے کے بعد شعیب برنی کو ہسپتال پہنچا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔