حکومتی کریک ڈاؤن جاری، ہزاروں کی تعداد میں منشیات ضبط
لاہور:(سنو نیوز) منشیات کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، 5 تا 12 نومبر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 3143 کلو منشیات ضبط جبکہ 34 سے زائد گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔
آپریشن کے دوران خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور سندھ سے 2644 کلو منشیات ضبط کی گئی، کریک ڈاؤن کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخواہ سے 234 کلو، گلگت سے 117 کلو اور بلوچستان سے 1740 کلو چرس برآمد ہوئی۔
بلوچستان سے 28 کلو میتھ اور 25 کلو ہیروئن برآمد ہوئی،ملک بھر سے 5 تا 12 نومبر کے دوران 2091 کلو چرس اور 240 کلو افیم برآمد ہوئی۔
یکم ستمبر سے اب تک کریک ڈاؤن کے دوران ملک بھر سے 33924 کلو منشیات برآمد اور 435 سے زائد مجرمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب لاہور کے تھانے کم عمر ڈرائیوروں سے بھر گئے ہیں، کم عمر ڈرائیونگ پر 1632 مقدمات درج، ٹریفک پولیس کا کم عمر ڈرائیونگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے 04 روز میں 1632 مقدمات درج کیے گئے جبکہ سینکڑوں گاڑیاں تھانوں میں بند کردی گئی ہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ کم عمر بچوں کو گاڑی، موٹرسائیکل دینے والوں کے خلاف بھی مقدمہ درج ہوگا، بغیر لائسنس گاڑی موٹرسائیکل والوں پر بھی مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گاڑی کی ٹکرسے 6 افراد کی ہلاکت کی تحقیقات میں اہم انکشافات
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ والدین 18 سال سے کم عمر بچوں کو ہرگز گاڑی، موٹرسائیکل نہ چلانے دیں، والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے خود ذمہ دار ہیں، کریمنل ریکارڈ بننے سے سرکاری نوکری اور ویزہ حصول میں مشکلات آسکتی ہیں۔
سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ اب کم عمر ڈرائیورز کیخلاف ایف آئی آر درج ہو گی، والدین اپنی ذمہ داری نبھائیں اور اپنے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کی اجازت ہرگز مت دیں۔