مہنگائی اور پیداواری لاگت میں اضافہ،بڑی صنعتیں ریڈزون جاپہنچی
Image

لاہور:(سنونیوز)مہنگائی اور پیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافے کے باعث ملک کی بڑی صنعتوں کی مشکلات کم نہ ہو سکیں، رواں مالی سال کے پہلے ماہ بھی لارج اسکیل میوفیکچرنگ ریڈ زون میں رہی۔

ادارہ شماریات کے مطابق جولائی میں ماہانہ بنیادوں پر بڑی صنعتوں کی پیداوار منفی 3.62 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر یہ شرح منفی 1.09 فیصد رہی۔پیٹرول، ڈیزل، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے صنعتوں کی پیداواری لاگت میں ریکارڈ اضافہ ہوا جس کے باعث کئی صنعتیں بند ہو چکی ہیں، درجنوں بڑی صنعتوں میں پیداواری دورانیہ کم کر دیا گیا جس سے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ منفی زون سے باہر نہ آ سکی ہے۔

جولائی میں بڑی صنعتوں میں سب سے بڑی کمی آٹوموبیل سیکٹر میں ریکارڈ کی گئی جہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پیداوار میں 66 فیصد کمی آئی۔دوسری جانب کاٹن یارن کی پیداوار 30 فیصد، کاٹن کلاتھ 17.52 فیصد اور آئرن اینڈ اسٹیل کی پیداوار تین فیصد کم ہو گئی ہے اور اس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔