ملک بھر میں بجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں، غیر قانونی کنکشن منقطع، متعدد گرفتار
Image
لاہور: (سنو نیوز) ملک بھر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، سیکڑوں غیرقانونی کنکشن کاٹ دیے گئے۔ کئی بجلی چوروں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کرلیے گئے۔ بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ ملتان ریجن میں 136 بجلی چور شکنجے میں آگئے۔ تین سلاخوں کے پیچھے پہنچ گئے۔ بہاولنگر میں 131 غیرقانونی کنکشن پکڑے گئے، 31 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو 88 لاکھ 64 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے۔ فیسکو ریجن میں 111 بجلی چوروں کو ایک کروڑ 10 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ بارہ روز سے جاری آپریشن میں ایک ہزار ایک سو پچیس بجلی چور گرفت میں آچکے۔ 13کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا۔ میلسی میں 36 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے، 14 لاکھ 75 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے۔ قائد آباد میں دو بجلی چور پکڑے گے۔ حیسکو ریجن میں کروڑوں روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر 122 ٹرانسفارمر اتار لیے گئے۔ حیدرآباد، لاڑکانہ، نواب شاہ اور میرپور خاص سرکل میں کارروائیاں کی گئیں۔ جیکب آباد میں 800 سے زائد غیرقانونی کنکشن کاٹ دیئے گئے۔ بلوچستان میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ درجنوں ٹرانسفارمر اتار لیے گئے۔ کوئٹہ میں 107 نادہندگان کے کنکشن منقطع کر دیئے گئے۔