پانچ ججوں نےعوام کےنمائندہ وزیراعظم کو فارغ کردیا: نواز شریف
Image

حافظ آباد: (سنو نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پانچ ججوں نےعوام کےنمائندہ وزیراعظم کو فارغ کردیا، اگر مجھے نہ ہٹایا جاتا تو پاکستان دنیا میں بہترین مقام حاصل کرچکا ہوتا۔

میاں محمد نواز شریف کا حافظ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک سےدہشت گردی اورلوڈشیڈنگ کا خاتمہ کس نے کیا؟اگر میری حکومت ختم نہ کی جاتی تو پاکستان "ایشین ٹائیگر "بن چکا ہوتا،سبز پاسپورٹ کی عزت ہوتی۔ مجھے جعلی مقدمات میں نہ الجھایا جاتا تو ملک کا یہ حال نہ ہوتا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما مریم نواز شریف نے کہا کہ 9 مئی والوں نے ریاست پر حملہ کیا اور ملک میں آگ لگائی جبکہ اٹھائیس مئی والوں نے پاکستان بنایا، ملک کو سنوارا اور ایٹمی طاقت بنایا۔

مریم نواز نے حافظ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا ریاست پر حملہ کرنے کی ترغیب دینےوالا شخص عوام کا ہمدرد نہیں، عوام سے وعدہ کیا تھا نوازشریف کو واپس لےکر آؤں گی۔ آٹھ فروری کو ایک بار پھر شیر دھاڑے گا۔ حکومت میں آکر عوام کو دو سو یونٹس تک مفت بجلی فراہم کریں گے۔