پہلی بار فضائیہ کی حاضر سروس افسر مس امریکا بن گئی
Image
نیویارک: (ویب ڈیسک ) امریکی فضائیہ کی سیکنڈ لیفٹیننٹ میڈیسن مارش مس امریکا کا تاج جیتنے والی پہلی حاضر سروس ممبر بن گئی۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مس مارش نے مقابلے میں امریکی ریاست کولوراڈو میں قائم یو ایس ایئر فورس اکیڈمی کے ہیڈ کوارٹر کی نمائندگی کی۔ امریکی ایئر فورس کے مطابق میڈیسن مارش ایئر فورس میں خدمات سر انجام دینے کے علاوہ ہارورڈ یونیورسٹی میں فزکس کے شعبے میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کر رہی ہے۔ امریکی فضائیہ نے میڈیسن مارش کو مبارکباد دیتے ہوئے ایک پوسٹ بھی شیئر کی۔ پوسٹ میں انہوں نے تصویر کے ساتھ ایک نوٹ بھی لکھا۔ مقابلہ سے پہلے میڈیسن مارش نے نیواڈا میں ایئر فورس کے ایک اڈے پر پرواز سے قبل اپنے ساتھی سٹاف ممبران سے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایئر فورس کے امیج کو مزید بہتر بنانے کے مقصد کیلئے مقابلہ حسن میں حصہ لیا۔ ایئر فورس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ میری کزن طویل عرصے سے ان مقابلوں میں حصہ لے رہی ہے، یہ چیز مجھے بہت پسند ہے۔ مس مارسکا کہنا ہے کہ انسان کچھ بھی حاصل کرسکتا ہے بس اس کی لگن ہونی چاہیے، ملٹری کی ٹریننگ کی وجہ سے مجھے خود کو فٹ رکھنے میں مدد ملی ہے۔ واضح رہے مس امریکا کا تاج اپنے نام کرنے والی یہ افسر پہلے مس کولوراڈو بھی رہ چکی ہیں۔ اس دوران انہوں نے امریکی فضائیہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔