ہمارا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں:انوار الحق کاکڑ
Image

اسلام آباد:(سنونیوز)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ہمارا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، نگران حکومت پوری طرح سے غیر جانبدار ہے۔

سنو نیوز کے پروگرام "سنو ٹونائٹ ود سعدیہ افضال "میں میزبان سعدیہ افضال کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ غیر جانبدار انتخابات کروانے کے لیے پرعزم ہیں،الیکشن کے انعقاد میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے،ہمیں مایوسی کی کیفیت کی جانب نہیں جانا چاہیے،سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کے دوران ووٹرز کی ہمدریاں حاصل کرنے کے لیے طرح طرح کے بیانات دئیے جاتے ہیں جن پر جواب دینا ضروری نہیں ہوتا۔

غزہ اسرائیل تنازع پر نگران وزیراعظم نے کہا کہ امت مسلمہ کی جانب سے اس مسئلے پر خاطر خواہ آواز بلند کی گئی تاہم اس حوالے سے اس طرح سے اقدامات نہیں اٹھائے جاسکے جس طرح کیے جانے چاہیے تھے،انہوںنے مزید کہا کہ اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے ہر کسی نے انفرادی اور اجتماعی حیثیت میں کوششیں کیں،کبھی یہ ٹوئٹر پر ٹرینڈ بن گیا تو کبھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں۔

اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے حوالے سے انوار الحق کاکڑ نے واضح کیا کہ پاکستان میں خالص طور پر اسرائیلی مصنوعات کی نہ ہی امپورٹ ہوتی ہے اور نہ ہی پاکستانی مصنوعات اسرائیل ایکسپورٹ کی جاتی ہے ،پاکستان میں جن مصنوعات اور ریسٹورنٹ چینز کو اسرائیل سے جوڑا جارہا ہے وہ مقامی کارپوریٹ سیکٹر کی ہے جس کے ساتھ ہزاروں مزدوروں کا روزگار جڑا ہے ہم اس طرح کے اقدامات سے ان کے گھر کے چوہلے ٹھنڈے نہیں کرسکتے۔

کابینہ میں فواد حسن فواد اور احد چیمہ کی شمولیت پر اٹھائے جانے والے اعتراضات کے حوالے سے نگران وزیراعظم نے کہا کہ فواد حسن فواد نہایت قابل اور بہترین فرد ہیں ،وہ عزت اور حمیت والے انسان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک فرض شناس سول سرونٹ کے طور پر بھی اپنی پہچان رکھتے ہیں۔

https://youtu.be/BrrSR2m7YI8?si=BylZ7fx1Jp6YTrCy

انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ وہ فواد حسن فواد کو اس وقت سے جانتے ہیں کہ جب وہ ڈپٹی کمشنر کے طور پر بلوچستان میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے،اس وقت کے وزیراعلی بھی انہیں بہت زیادہ پسند کرتے تھے تو اب سیاسی جماعتیں انہیں اس وقت کے وزیراعلی کے ساتھ کیوں نہیں منسوب کرتی ؟میں انہیں اس وقت سے جانتاہوں اور میں ایک بیوروکریٹ کی حیثیت سے ان کی بہت عزت کرتا ہوں اور میں نے کابینہ میں انہیں جو ذمہ داری سونپی ہے وہ اسے خوش اسلوبی سے ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

ڈالر کی قدر میں کمی اور روپے میں بہتری کے حوالے سے نگران وزیراعظم نے کہا کہ دو ڈھائی ماہ میں حکومت کی جانب سے معیشت کی بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے باعث ڈالر کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوئے،ہم نے ڈالر کی نہ صرف غیر قانونی اسمگلنگ روکی بلکہ ان تمام تر عوامل کو بھی محدود کردیا جو ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کا باعث بن رہے تھے۔

ملک بھر سے غیر قانونی مقیم افغانوں کی بے دخلی کے حوالے سے نگران وزیراعظم نے دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں ہم پر کسی بھی حوالے سےکوئی دبائو نہیں ہے،یہ فیصلہ ہم نے اپنے ملک کی سالمیت کے لیے کیا تاہم اس تاثر کازائل کیے جانا ضروری ہے کہ ہم اپنے ملک سے افغانوں کو جبری طور پر بے خل کررہے ہیں ایسا کچھ نہیں ہے،ہم جن افغانوں کو یہاں سے بھیج رہے ہیں اگر وہ دستاویزات کے ساتھ پاکستان آئیں تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔