سعودی عرب کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ
Image

ریاض: (سنو نیوز) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر صدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی مذمت اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر صدارت کابینہ اجلاس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت کابینہ کے اراکین شریک تھے ۔ اس موقع پر سعودی کابینہ نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جنگ بندی اور غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی ختم کی جائے۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس کے دوران مطالبہ کیا گیا کہ عرب امن انیشیٹیو کے تحت امن منصوبے کو دوبارہ شروع کیا جائے جس کے تحت 1967ء کی سرحدوں کے اندر اایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ اس کادارلحکومت مشرقی بیت المقدس ہو نا چاہیے۔ کابینہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی غزہ کے حوالے سے ترکیہ، ایران، فرانس کی قیادت اور امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ گفتگو کا جائزہ لیا۔