ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی منظور
Image

لاہور: (سنو نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے ہیں۔

عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 71 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 46 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے محفوظ فیصلہ سنا یا۔ نصیر احمد نے ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی منظوری کے اقدام کو چیلنج کیا تھا۔ عدالت نے ریحانہ ڈار کے کاغذات پر عائد مسترد کردیے۔

خیال رہے کہ ریحانہ ڈارنے مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ آصف کے مقابلے میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔سیالکوٹ ریٹرنگ آفسر نے کاغذات نامزدگی پر اعتراض لگا کر مسترد کردیے تھے۔ اس سے قبل انہوں نے ٹربیونل ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔ سیالکوٹ ٹریبونل ہائی کورٹ کے جسٹس شکیل نے اپیل منظور کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی این اے 71 اور پی پی 46 سے منظور کرلیے تھے۔

عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ امتیاز ڈارسیالکوٹ کے حلقے این اے 71 اور پی پی 46 سے ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف کیخلاف الیکشن لڑ رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/09/01/2024/pakistan/63699/

گذشتہ دنوں والدہ عثمان ڈار نے الزام عائد کیا تھا کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف کے کہنے پر ہماری رہائش گاہ پر پولیس نے چھاپہ مارا، اس دوران اہلکاروں نے بد سلوکی کی اور بدتمیزی کی انتہا کر دی میرا گریبان پکڑ کر پھاڑ دیا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ اس کے علاوہ گھر میں موجود دیگر عورتوں کیساتھ بھی بدسلوکی کی گئی اور ان کے کپڑے پھاڑے گئے، یہ سب کچھ کسی اور کے نہیں خواجہ آصف کے کہنے پر ہوا ، یہ سب کچھ اس لیے کیا گیا تاکہ میں الیکشن لڑنے سے پیچھے ہٹ جائوں لیکن میں ہر صورت الیکشن میں حصہ لوں گی اور میدان میں اتروں گی کیونکہ یہ میرے دل کا فیصلہ ہے۔

دوسری جانب عثمان ڈار کی والدہ کے ویڈیو بیان پر خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ میرا خاندان دو نسلوں سے مسلم لیگ کے ساتھ وابستہ ہے اور وفا میری سیاسی شناخت ہے، میں نے کبھی انتقامی سیاست نہیں بلکہ اللہ کی مدد سے عوام کی محبت کی سیاست کی ہے۔