پی ٹی آئی سے “بلا ” نواز شریف نے نہیں چھینا: شہباز شریف
Image

لاہور: (سنو نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے "بلا" نواز شریف نے نہیں چھینا بلکہ یہ جماعت خود سپریم کورٹ کو مطمئن نہیں کرسکی۔

یہ بات انہوں نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ن لیگ اگر حکومت میں آئی تو پہلے کی طرح بیروزگاری، مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں کو ہنگامی بنیادوں پر کم کرے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار جیسے مہرے کےذریعے نواز شریف کا تختہ الٹا گیا، ہم کبھی بھی لاڈلے نہیں رہے۔ 2002ء، 2008 ءاور2018ء میں نواز شریف کو سیاسی میدان میں اترنے نہیں دیا گیا۔

بلاول بھٹو سمیت پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین کی تنقید بارے سوالات کا جواب دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے اور سفارتی تعلقات کی بحالی کا کریڈٹ صرف میرا نہیں، بلکہ سب کو جاتا ہے۔ آئندہ کے چیلنجز بھی بہت بڑے ہیں، ملکی ترقی کے لئے چارٹر آف اکانومی بنا کر سب کو مل جل کر چلنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/29/12/2023/pakistan/61892/

ان کا کہنا تھا کہ یہ کام بالکل بے بنیاد ہے کہ نواز شرہف اسٹیبلیشمنٹ کا کندھا استعمال کر رہے ہیں۔ پچیس سالہ سیاست کا جائزہ لیں تو سب واضح ہو جائے گا کہ لاڈلا کون ہے۔ بجلی کے بلوں کو کم کرنے کے لئے شمسی توانائی اور ونڈ مل پر ہمارا فوکس ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسا ملک بنائیں گے کہ پڑھے لکھے نوجوان بیرون ملک جانے کی بجائے ملک میں بہتر روزگار کما سکیں گے۔ نوجوان نسل کے ذہنوں میں جو زہر بھر دیا گیا ہے، اس کے خاتمے کے لئے کام کرنا ہو گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ وزیراعلیٰ پنجاب کون ہو گا؟ اس کا فیصلہ نواز شریف مشاورت سے کریں گے۔ معاشرے میں گالم گلوچ کے کلچر کو پی ٹی آئی نے فروغ دیا، ہم سب سے بھی غلطیاں ہوئی۔ ہمیں اب ان غلطیوں سے سبق سیکھنا ہو گا۔ عوام نے ہم پر اعتماد کیا اور اقتدار میں آئے تو پہلے کی طرح تعلیم، صحت، زراعت، صنعت اور آئی ٹی سمیت تمام شعبہ جات پر بھرپور توجہ دیں گے۔