پاکستانی ٹیم کیلئے ڈائریکٹر کا کردار ادا کرنے پر فخر ہے: محمد حفیظ
لاہور:(سنو نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کا ٹیم ڈائریکٹر کی ذمہ داری کے بعد پہلا بیان سامنے آ گیا، حفیظ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنا بیان جاری کیا۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ٹیم ڈائریکٹر کا کردار ادا کرنے پر فخر اور پرجوش ہوں، کوچنگ سٹاف اور کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم ہے، کوچنگ سٹاف اور کھلاڑیوں کیساتھ مل کرخوشیاں لائیں گے، کوشش کریں گے کہ ٹیم کو جتوائیں اور مداحوں کو خوشخبری دیں۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میری صلاحیتوں پر بھروسہ کرنے اور مجھے یہ چیلنجنگ ذمہ داری دینے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
Read more ➡️ https://t.co/JiwfFTprmQ pic.twitter.com/Tdi30Kn4EL
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 16, 2023
سابق کپتان محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا شکریہ ادا کیا، ذکا اشرف نے محمد حفیظ کو گذشتہ روز پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ٹیم ڈائریکٹر مقرر کیا تھا۔
محمد حفیظ اس سے قبل ذکا اشرف کے موجودہ دور میں ٹیکینکل کمیٹی کے رکن کی حیثیت بھی کام کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ روز قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر مقرر کیا تھا، اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کیجانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ مکی آرتھر سمیت پورے کوچنگ سٹاف کی ذمہ داریاں تبدیل کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بابراعظم نے قومی ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا
تمام کوچز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کام جاری رکھیں گے جبکہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ہونے والی سیریز کیلئے مقررہ وقت پر نئے کوچنگ سٹاف کا اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے شان مسعود کو ٹیسٹ جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹونٹی ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کیا تھا، 34 سالہ شان مسعود نے 30 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، انہوں نے چار سنچریوں اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے 1597 رنز بنائے ہیں۔
جبکہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان کی ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی، ان کی بحیثیت کپتان پہلی ذمہ داری 12 سے 21 جنوری تک نیوزی لینڈ میں ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز ہوگی۔
شاہین آفریدی 52 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 64 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، ان کی قیادت میں لاہور قلندرز نے پی سی ایل لگاتار دو سال 2022 ء اور 2023ء میں جیتی ہے، پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔