29 November 2023

Homeتازہ ترینکپتانی چھوڑنے پر سینئر اور ساتھی کرکٹرز کا بابراعظم کے نام پیغام

کپتانی چھوڑنے پر سینئر اور ساتھی کرکٹرز کا بابراعظم کے نام پیغام

ساتھی کرکٹرز

کپتانی چھوڑنے پر سینئر اور ساتھی کرکٹرز کا بابراعظم کے نام پیغام

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے بازاور سابق بابر اعظم کیجانب سے کپتانی سے دستبردار ہونے کے اعلان کے بعد ساتھی کرکٹرز اور سابق سینئر کھلاڑیوں نے بابراعظم کی حوصلہ افزائی کی اور مستقبل میں بطور بلے باز کئی ریکارڈ اپنے نام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہوتے ہوئے کپتانی سے استعفیٰ دیدیا تھا، انہوں نے نئے کپتا ن کی مکمل سپورٹ کرنے کا اظہار کیا تھا، بابر اعظم نے اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ون ڈے، ٹیسٹ کرکٹ اور ٹی ٹونٹی فارمیٹس کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پاکستان کے مایہ ناز بائولر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بابراعظم کیجانب سے کپتان کے دستبردار ہونے کے فیصلے پر تجزیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم بابراعظم کو بطور بلے باز کھونا نہیں چاہتے، وہ تمام فارمیٹس میں نمبر ون کرکٹر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور کپتان بابراعظم سے غلطیاں ہوئی ہیں لیکن انکے اچھے کاموں کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، ہر کسی سے غلطیاں ہوتی ہیں جان بوجھ کر کوئی نہیں کرتا۔

شاہین آفریدی کوکپتانی ملنے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صرف ٹی ٹوئنٹی کے لیے کپتان مقرر ہوئے ہیں، انکا پی ایس ایل کے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ریکارڈ بہترین رہا ہے، انہوں نے مسلسل دو سال پی ایس ایل میں کامیابی حاصل کی ہے۔

شعیب ملک نے بابراعظم کی کپتانی سے دستبردار ہونے کے فیصلے پر کہا کہ بہت اچھے وقت پر انہوں نے فیصلہ کیا ہے، وہ کپتانی سے دستبردار ہوگئے اب وہ اپنی بیٹنگ پر توجہ دیں گے اور پاکستان کیلئے میچ جیتیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہین آفریدی اور شان مسعود کو اہم ذمہ داریاں مل گئیں

سابق کرکٹر اظہر علی نے بابراعظم کی بطور کپتان خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی قیادت کرنیکا آپ کا آخری موقع نہیں ہوگا، ہر تجربے سے ہم کچھ نہ کچھ سیکھتے ہیں، اب آپ صرف بہت سارے رنز بنائیں، اللہ آپ کو خوش رکھے، آمین۔


سابق کپتان شاہد آفریدی نے بابر اعظم کی بطور کپتان خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی قیادت، ٹیلنٹ اور پرفارمنس سے کرکٹرز کی اگلی نسل کو متاثر کیا ہے، امید ہے کہ آپ ایسے ہی راج کریں گے کیونکہ سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔


شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بابر اعظم آپکی مثالی قیادت میں حقیقی ٹیم ورک اور آپ سے دوستی ایک اعزاز کی بات ہے، آپکی صف اول کی قیادت اور ٹیم کے اتحاد اور کامیابی کا عزم قابل تحسین ہے۔

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کپتان آپ دلوں کے کپتان ہو، آپ یقیناً پاکستان کے عظیم ترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔


فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے بابراعظم کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ آپکی قیادت میں اپنی وائٹ گیند پر ڈیبیو کرنا اور کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، آپ نے ہمیشہ آگے بڑھ کر قیادت سنبھالی ہے اور ہم سب کو ایک ٹیم، ایک خواب پر یقین دلایا ہے۔


افتخار احمد نے لکھا کہ آپکی کپتانی میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات تھی، اس عرصے کے دوران میں اپنی بہت سی کامیابیاں اور بہت سے ناکامیاں دیکھی ہیں لیکن آپ کا عزم ہمیشہ بلند رہا ہے۔


محمد وسیم جونئیر نے لکھا کہ میرے ٹی 20 ڈیبیو سے ایک رات پہلے جب آپ میری حوصلہ افزائی اور حمایت کرنے کیلئے میرے کمرے میں داخل ہوئے، یہ وہ لمحہ ہے جسکو میں ہمیشہ یاد رکھوں گا، میں ہر چیز کے لیے شکر گزار ہوں کپتان۔


شاداب خان نے بابراعظم سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور شاہین آفریدی کو ٹی20 ٹیم کا کپتان اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر ہونے پر مبارک باد بھی دی۔


سابق کپتان محمد حفیظ نے بابر اعظم کو بطور کپتان پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات کو سراہا اور لکھا کہ آپکا زیادہ سے زیادہ رنز بنانے اور میچ جیتنے میں کردار ادا کرنے کا عزم قابل تعریف ہے، سلامت رہیں اور خوش رہیں۔

Share With:
Rate This Article