آئندہ ایسا نہیں کرونگا، نانا پاٹیکر نے کیوں معافی مانگ لی؟
Image
دہلی:(ویب ڈیسک) انڈین فلم انڈسٹری کے معروف اداکار نانا پاٹیکر نے بھارت میں ایک فلم کے سین کے دوران ایک لڑکے کو تھپڑ مار دیا جس کے بعد پتہ چلا کہ وہ ان کا مداح تھا اور سیلفی لینے آیاتھا جس پر اداکار نے مداح سے معافی مانگ لی۔ نانا پاٹیکر کی معافی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ اُنکو معلوم نہ تھا کہ وہ تصویر کھنچوانے کے لیے آیا ہوا کوئی مداح تھا،نوجوان کو تھپڑ مارنے کی نانا پاٹیکر کی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی جسکے بعد انہوں نے واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے اپنی ویڈیو پوسٹ کی ہے۔ ویڈیو میں نانا پاٹیکر واقعے پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے بتا رہے ہیں کہ جس لڑکے کو تھپڑ مارا گیا وہ فلم ٹیم کے رکن تھے اور اُس وقت سین ریکارڈ کیا جا رہا تھا مگر بعد میں معلوم ہوا کہ ایسا نہیں تھا۔ نوجوان کو تھپڑ مارے جانے کی ویڈیو اُنکے ایک دوست نے بنائی تھی جب وہ سیلفی لینے یا تصویر کھنچوانے کے لیے فلم کے سیٹ پر نانا پاٹیکر کے قریب گئے۔ ویڈیو میں نانا پاٹیکر ہندی میں بتا رہے ہیں کہ ’لڑکے کو تھپڑ مارنے کی میری ایک ویڈیو وائرل ہے، فلم کا ایک سین شوٹ کیا جا رہا تھا جس میں پیچھے سے ایک لڑکا آیا اور کہا کہ اے بدھو، ٹوپی بیچنی ہے میں نے اُسکو پکڑا، تھپڑ مارا اور کہا کہ تمیز سے رہو، جسکے بعد وہ بھاگ نکلا۔ اس ویڈیو میں نانا پاٹیکر نے مزید کہا کہ یہ سین فلم کا حصہ تھا اور ہم ایک ریہرسل کررہےتھے اور ہم دوسری بار اسکو شوٹ کرنے والے تھے۔ ڈائریکٹر نے مجھے کہا کہ شروع کریں ہم دوسرا ٹیک لینے ہی والے تھے کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والے لڑکا آیا، مجھے نہیں معلوم کہ وہ کون تھا، میں یہ سمجھا کہ وہ فلم کے عملے کا حصہ ہے اس لیے سین کے مطابق اُس کو تھپڑ مارا اور کہا کہ نکل جا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ وہ فلم کے عملے کا حصہ نہیں تھا، تب میں نے اُس کو پکارنےکیلئے آواز دی مگر وہ بھاگ گیا ممکن ہے کہ اُسکے دوست نے وہ ویڈیو بنائی ہو۔ نانا پاٹیکر کامزید کہنا تھاکہ انہوں نے کبھی کسی مداح کے ساتھ تصویر بنانے سے انکار نہیں کیا،میں ایسا نہیں کرتا یہ سب غلط فہمی کے باعث ہوا۔ اگر کچھ غلط فہمی کے باعث ہوا ہے تو براہ کرم مجھے معاف کر دیں۔ میں ایسا کچھ آئندہ کبھی نہیں کروں گا۔