ایشیا کپ فائنل کل سری لنکا اور بھارت کے مابین کھیلا جائیگا
Image
لاہور:(سنو نیوز) ایشیا کپ کا فائنل کل کھیلا جائے گا، پاکستان کو پچھاڑنے والی ٹیمیں بھارت اور سری لنکا نویں مرتبہ ایشیا کپ ٹائٹل کی جنگ کیلئے تیار ہیں، فائنل کل کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ ماضی کے فائنلز میں بھارتی ٹیم نے پانچ بار لنکن ٹائیگرز کو مات دے کر ٹائٹل پر قبضہ جمایا جبکہ تین بارسری لنکا نے بھارتی سورماوں کو دھول چٹائی۔ پاکستان اور سری لنکا کی میزبانی میں جاری ایونٹ سے قبل ایشیا کپ کے 15 ایڈیشنز ہو چکے ہیں، انڈیا 7، سری لنکا 6 اور پاکستان 2 مرتبہ ٹائٹل پر حکمرانی کے ساتھ ٹاپ تھری ٹیمز رہیں۔ ماضی میں سری لنکا کی میزبانی میں دونوں بار بھارتی ٹیم فائنل نہ جیت نہ سکی ، اس بار بھی لنکن ٹیم بھارت کو شکست دینے کیلئے فیورٹ سمجھی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں بنگلادیش نے بھارت کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔ بنگلادیش نے 2012 کے ایشیا کپ کے بعد اس ایشیا کپ میں بھارت کو شکست سے دوچار کیا۔ بھارت کیجانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، کپتان روہت شرما بنا کھاتہ کھولے کیچ آئوٹ ہوئے، شبمن گل نے 121 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 5 چھکے شامل ہیں۔ بھارت کا مڈل آرڈر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے سے محروم رہا تاہم لوئر آرڈر نے مزاحمت کا مظاہرہ کیا، سپنر اکثر پٹیل نے 42 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو میچ جتوانے میں ناکام رہے۔ بنگلادیشی بولرز مستفیض الرحمان 3، مہدی حسن 2، تنظیم حسن 2، شکیب الحسن اور مہدی حسن نے 1،1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ گذشتہ روز کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، بنگلادیشی اوپنرز بھارتی گیند بازوں کا مقابلہ کرنے میں ناکام دکھائی دئیے۔