مریم نواز کی زیرِصدارت نوازشریف کی وطن واپسی اور استقبال کیلئے مشاورتی اجلاس
Image
لاہور:(سنو نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئیں ہیں، مریم نواز اسلام آباد میں نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال سے متعلق مشاورتی اجلاس کی صدارت کریں گی۔ ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ مریم نواز شریف اسلام آباد میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے پارٹی عہدیداروں سے ملاقات بھی کریں گی۔ مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ویلکم بیک، سازشیو "گڈ بائے"، نواز شریف واپس نہیں آ رہا، پاکستان کی خوش حالی کا دور واپس آ رہا ہے، نواز شریف کو "مائنس" کرنے والے خود "مائنس" ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو مائنس کرتے کرتے پاکستان کی ترقی مائنس ہوگئی، نواز شریف کا پیغام پاکستان کی ترقی، مہنگائی سے عوام کو نجات دلانا ہے، نوازشریف نے بہادری، ثابت قدمی سے سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے عوام کو مہنگائی سے بچایا تھا، اس خدمت کی اُنہیں سزا ملی، 2016 میں عوام سے ترقی، مہنگائی میں کمی چھین لی گئی ، نوازشریف کے خلاف سازش کے نتیجے میں عوام کو مہنگائی ملی، سازشی نہیں چاہتے تھے کہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو، عوام مہنگائی کی غلامی سے آزاد ہوں۔ ن کی سینئر نائب صدرنے کہا کہ 21 اکتوبر اعلان ہے کہ عوام کی تکلیف کے دِن ختم ہونے والے ہیں، 21 اکتوبر اعلان ہے کہ غریبوں کے دُکھ درد کا احساس کرنے والا نوازشریف واپس آ رہا ہے، نوازشریف وہ ہے جس کے دور میں پانچ سال آٹے، گھی، چینی کی قیمت نہ بدلی۔ چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف وہ ہے جس کے دور میں 47 سال میں مہنگائی کم ترین سطح پر آئی تھی ،نوازشریف وہ ہے جس نے پاکستان کی معاشی ترقی 6.1 فیصد پر پہنچائی تھی ،نوازشریف وہ ہے جس نے پاکستان کا واحد آئی ایم ایف پروگرام کامیابی سے مکمل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے 2017 میں آئی ایم ایف کو خداحافظ کہہ دیا تھا، نوازشریف کا دیا ترقی کا سفر جاری رہتا تو پاکستان آج بحرانوں کا شکار نہ ہوتا ،نوازشریف کا دیا ترقی کا سفر جاری رہتا تو آج بجلی گیس پٹرول مہنگے نہ کرنے پڑتے ، وعدہ ہے کہ خیبرپختون خوا کی محرومیوں کو دور کرکے ترقی کا تاریخی سفر شروع کریں گے ،دہشت گردی کے علاوہ معاشی دہشت گردی سے بھی قوم کو نجات دلانی ہے۔