جیسا معاشی بحران آج ہے ویسا کبھی نہیں دیکھا: بلاول بھٹو
Image
نوڈیرو: (سنو نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ جیسا معاشی بحران آج ہے ویسا کبھی نہیں دیکھا، ون یونٹ بنانے کی سازش پھر کی جا رہی ہے، گالم گلوچ کی سیاست سے ہم ذاتی دشمنی تک پہنچ چکے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نوڈیرو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیں منتخب کروا کر قومی اسمبلی بھیجا، پہلے دن سے سلیکٹڈ راج کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، عوام کے حق پر ڈاکہ مارنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ان کی سازش تھی کہ سلیکٹڈ راج چلتا رہے، ان تمام قوتوں کا مقابلہ کیا جو آپ کے حق پر ڈاکہ مارنا چاہتے تھے، پیپلزپارٹی ہر دور میں آئین اور جمہوری نظام کا دفاع کرتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف معاشی بحران اور دوسری طرف معاشرے میں بحران پیدا کیا گیا، پاکستان کی سیاست میں سیاسی بحران ہے، کسی کو پاکستان کے حالات، عوام کی فکر نہیں، ہم نے مل کر اس سازش کو ناکام بنایا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ جیسا معاشی بحران آج ہے ویسا کبھی نہیں دیکھا، ون یونٹ بنانے کی سازش پھر کی جا رہی ہے، گالم گلوچ کی سیاست سے ہم ذاتی دشمنی تک پہنچ چکے ہیں، غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتے جا رہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کچے سے کے پی تک دہشت گردی کا سامنا ہے، سیاسی بحران ہے، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال خراب ہے، معاشرے میں نفرت اور تقسیم کی سیاست چل رہی ہے، دہشت گردوں کو واپس آنے کی دعوت دی گئی، ایسی حکومت بنائیں گے جو ملک کو سیاسی، معاشی اور آئینی بحران سے نکالے۔