نامعلوم افراد کی فائرنگ،2 افراد جاں بحق
Image

لاہور:(ویب ڈیسک)لاہور میں مغل پورہ کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

صوبائی دارالحکومت کے علاقے مغل پورہ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے کی جبکہ جاں بحق ہونےو الے افراد کی شناخت 24 سالہ زاہد رشید اور 26 سالہ ارسلان غنی کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی اداروں نے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں ، فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے جبکہ واقعہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔

گذشتہ دنوں کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں سنو نیوز کے سینئر صحافی اور اسٹیشن چیف زخمی ہو گئے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر نامعلوم افراد نے سنو ٹی وی کے کراچی کے اسٹیشن چیف شعیب برنی کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/13/01/2024/latest/64432/

پولیس کے مطابق صحافی کسی شادی میں شرکت کے لیے گئے تھے لیکن لکی ون کے قریب وہ گاڑی پارک کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک شخص نے انہیں گولی مار دی جو ان کے ہاتھ پر لگی۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ ایسوسی ایشن سنو ٹی وی کے بیورو چیف اور سی آر اے کے سینئر ممبر شعیب برنی کی گاڑی پر فائرنگ حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ، آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف حملے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے منظر عام پر لائیں۔ذرائع نے بتایا کہ شعیب برنی گلشن اقبال میں ایک شادی کی تقریب میں فیملی کو ہال کے باہر اتار کر گاڑی پارک کرنے گئے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار دو مسلح افراد نے انہیں گولی ماری جو ان کے بازو میں لگی اور گاڑی کا شیشہ بھی ٹوٹا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گولی لگنے کے بعد شعیب برنی کو ہسپتال پہنچا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔