شاہین آفریدی اور شان مسعود کو اہم ذمہ داریاں مل گئیں
لاہور: (سنو نیوز) بابر اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹونٹی جبکہ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ون ڈے ٹیم کا کپتان کون ہوگا؟ اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم کے تینوں فارمیٹس سے مستعفی ہونے سے پہلے پی سی بی نےاہم فیصلے کر لیے تھے۔ قومی کرکٹر شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپے جانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ شان مسعود دورہ آسٹریلیا میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کی نمائندگی کرینگے۔
پی سی بی کی جانب سے باقاعدہ طور پر شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی کے بارے میں اعلان کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب سنو نیوز ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ کو کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ بنایا جارہا ہے۔ ایک دو روز میں پی سی بی کا حتمی اعلان سامنے آئے گا۔ غیر ملکی کوچز کا پاکستان ٹیم میں رول نہ ہونے کے برابر ہے۔ محمد حفیظ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور ڈائریکٹر کرکٹ ہوں گے۔
Presenting our captains 🇵🇰@shani_official has been appointed Test captain while @iShaheenAfridi will lead the T20I side. pic.twitter.com/wPSebUB60m
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 15, 2023
خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2023 ء میں ناقص کارکردگی کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم میں بڑا طوفان دیکھنے میں آیا ہے۔ بابر اعظم پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑ چکے ہیں۔ بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ 2023 ء کے سیمی فائنل راؤنڈ سے قبل ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی۔ ورلڈ کپ 2023 ء میں پاکستان ٹیم نے گروپ مرحلے میں 9 میں سے صرف 4 میچ جیتے تھے اور پاکستانی ٹیم کے 8 پوائنٹس تھے۔
پاکستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔ بابر اعظم کو ورلڈ کپ 2023 ء میں بری طرح سے شکست اور سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکامی کی بھاری قیمت چکانی پڑی تھی۔
بابر اعظم کو ورلڈ کپ 2023 ء کے دوران ان کی ناقص کپتانی کا ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا تھا۔ بابر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم (ایکس) پر کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔
بابر اعظم نے اپنی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا، ‘مجھے یاد ہے جب سال 2019 ء میں مجھے پاکستان کرکٹ بورڈ کے دفتر سے کال آئی تھی۔ پچھلے چار سالوں میں میں نے بہت سے بڑے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، تاہم اس سب کے باوجود میں نے پورے دل سے پاکستان کی عزت کو برقرار رکھنے کا عزم کیا ہے۔
بابر اعظم نے مزید لکھا کہ ‘میں تینوں فارمیٹس میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی چھوڑ رہا ہوں۔ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن میرے خیال میں یہ فیصلہ لینے کا صحیح وقت ہے۔ میں تینوں فارمیٹس میں بطور کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کرتا رہوں گا۔ نئے کپتان اور ٹیم کو میری مکمل حمایت حاصل رہے گی۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ بابر اعظم نے 117 ون ڈے میچوں میں 56.72 کی اوسط سے 5729 رنز بنائے ہیں جس میں 19 سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ بابر اعظم نے 49 ٹیسٹ میچوں میں 47.75 کی اوسط سے 3772 رنز بنائے جس میں 9 سنچریاں اور 26 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ بابر اعظم نے 104 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 41.49 کی اوسط سے 3485 رنز بنائے ہیں جس میں 3 سنچریاں اور 30 نصف سنچریاں شامل ہیں۔