انسٹاگرام ڈیلیٹ کیے بغیر تھریڈز اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنا ممکن
لندن:(ویب ڈیسک) سوشل میڈیا فوٹو شئیرنگ ایپلی کیپشن انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری کا کہنا ہے کہ اب سوشل میڈیا صارفین انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ڈیلیٹ کیے بغیر تھریڈز کے اکاؤنٹ کو ڈیلیٹ کرسکیں گے۔
سوشل میڈیا ایپس فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا نے 6 جولائی 2023 کو ایک نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’تھریڈز‘ لانچ کیا تھا جو کہ کمپنی نے ایکس کے مقابلے میں پیش کیا تھا۔
ایکس (ٹوئٹر) کیطرح متعدد فیچرز رکھنے والے والے اس پلیٹ فارم میں لانچ ہونے کے بعد سے کروڑوں صارفین نے اس ایپ میں سائن اپ کیا تھا، تاہم تھریڈز پر کچھ محدود فیچرز کیوجہ سے صارفین نے اس سے ناگواری کا اظہار کیا تھا۔
جبکہ صارفین کا کہنا تھا کہ جب انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ڈیلیٹ کیا جائے تو تھریڈز اکاؤنٹ بھی خود بخود ڈیلیٹ ہوجاتا ہے، آپ تھریڈز کے اکاؤنٹ کو الگ سے ڈیلیٹ نہیں کرسکتے ہیں،سوشل میڈیا صارفین اپنے تھریڈز اکاؤنٹ کو صرف ڈی ایکٹی ویٹ ہی کرسکتے تھے۔
اسکے علاوہ تھریڈز پر دیگر اپڈیٹس نہ ہونے کیوجہ سے یہ رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ تھریڈز متعارف ہونے کے ایک ہفتے بعد صارفین کی تعداد اور ایپ استعمال کرنے کی تعداد میں کمی دیکھی گئی تھی،تاہم اب انسٹاگرام اکاؤنٹ کے سربراہ ایڈم موسیری نے تھریڈز پر اعلان کیا ہے کہ انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کیے بغیر تھریڈز اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرسکتے ہیں۔
ایسا کرنے کے لیے سب سے پہلے آپ کو اپنے تھریڈز کے سیٹنگ مینیو پر کلک کرنا ہوگا پھر ’ڈیلیٹ یا ڈی ایکٹی ویٹ پروفائل‘ کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا، جس کے بعد آپ اپنا تھریڈز اکاؤنٹ مکمل طور پر ڈیلیٹ کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب روس کی عدالت نے دنیا کی مشہور اور معروف انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کمپنی گوگل کو صارفین کے ذاتی ڈیٹا کی لوکلائزیشن نہ کرنے پر 15 ملین روبل جرمانہ کر دیا ہے جو کہ تقریباً ساڑھے 16 لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم بنتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں سب سے زیادہ ڈائون لوڈ کی جانیوالی ایپس
روسی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو میں گوگل کیخلاف دائر مقدمے کی سماعت ہوئی، اس سماعت کے دوران روسی شہریوں کے ذاتی ڈیٹا میں ملک کے نام کو جگہ نہ دینے کیوجہ سے گوگل کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئی کمپنی کو جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
خیال رہے کہ گوگل کی شرکت دار روسی کمپنی بھی مالی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کیوجہ سے گذشتہ سال دیوالیہ ہو گئی تھی جبکہ گوگل کو ایسی وجوہات کی بنا پر پہلے بھی جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دنیا کے سب سے بڑی انٹرنیٹ سرچ انجن ’گوگل‘ نے ویب سائٹس پر اشتہارات کی کمائی کا طریقہ کار تبدیل کرنیکا اعلان کیا تھا، گوگل کا کہنا تھا کہ نئے طریقے سے اشتہارات چلانے والے صارفین کی کمائی بہتر ہوگی، گوگل کیجانب سے ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر نئے سال 2024 کے موقع پر گوگل ایڈ سینس پر کمائی کا طریقہ تبدیل کردیا جائیگا۔