ایشیا کپ: بنگلادیش نے بھارت کو 6 رنز سے شکست دے دی
Image

کولمبو: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں بنگلادیش نے بھارت کو 6 رنز سے شکست دے دی۔بنگلادیش نے 2012 کے ایشیاء کپ کے بعد اس ایشیاء کپ میں بھارت کو شکست سے دوچار کیا۔

بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا،کپتان روہت شرما بنا کھاتہ کھولے کیچ آئوٹ ہوئے،شبمن گل نے 121 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 5 چھکے شامل ہیں۔بھارت کا مڈل آرڈر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے سے محروم رہا تاہم لوئر آرڈر نے مزاحمت کا مظاہرہ کیا،اسپنر اکثر پٹیل نے 42 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو میچ جتوانے میں ناکام رہے۔

بنگلادیشی بولرز نے بھارتی بلے بازوں کو ہدف تک پہنچنے میں کامیابی سے ناکام بنایا،بولرمستفیض الرحمان 3،مہدی حسن 2،تنظیم حسن 2،شکیب الحسن اور مہدی حسن نے 1،1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

کولمبو میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا،بنگلادیشی اوپنرز بھارتی گیندبازوں کا مقابلہ کرنے میں ناکام دکھائی دئیے،تنزید حسن 13 جبکہ لٹن داس بنا کوئی رن بنائے محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

انعام الحق 4 رنز بناکر پویلین لوٹے جس کے بعد کپتان شکیب الحسن نے 80 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی ہچکولے کھاتی کشتی کو سہارا دیا۔ان کے ساتھی توحید ہردوئی نے بھی ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے قومی ٹیم کو اسکور بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا اور شاندار نصف سنچری اسکور کی ۔ٹیل اینڈرز کی جانب سے مزاحمت کے نتیجے میں اسکور 266 تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔

شکست کے باوجود بھارت اور سری لنکا اتوار کو ایشیاء کپ کے فائنل میں ٹرافی اٹھانے کے لیے ایک دوسرے سے نبردآزما ہوتے دکھائی دیں گے۔