
اسلام آباد:(سنو نیوز) وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے عام آدمی کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت کم کرنے کیلئے بڑے فیصلے کر لیے ہیں۔
تفصیل کے مطابق وزیرِاعظم کے زیرِ صدارت بجلی شعبے کے حوالے سے اقدامات پر اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی گھروں کو مقامی کوئلے پر منتقل جبکہ بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر کیا جائے۔ ملک میں آئندہ صرف صاف اور کم لاگت پن بجلی اور قابل تجدید کے پلانٹ لگائے جائیں گے۔
اجلاس کو بیرونی سرمایہ کاری کے تحت 600 میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو شمسی توانائی کے اس منصوبے میں بیرونی سرمایہ کاری حوالے سے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ بجلی کی موجودہ اضافی استعداد کو صنعتوں میں بہتر طریقے سے برؤئے کار لانے کیلئے تجاویز تیار کی جائیں۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بجلی کی ویلنگ کے نرخوں کو کم کیا جائے تاکہ صنعتی صارفین کو کم لاگت پر بجلی کی فراہمی ممکن ہو۔ صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کیلئے بڑی صنعتوں کے قریب گرڈ اسٹیشنز کا قیام یقینی بنایا جائے۔ ایسے بجلی گھر GENCOs جو فعال ہیں انکی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جائے۔ ایسے بجلی گھر GENCOs جو غیر فعال اور ناکارہ حالت میں ہیں انکی نیلامی کے عمل کو تیز کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ بجلی شعبے کے گردشی قرضے میں کمی کیلئے شعبے کی ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات جاری ہیں۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے زیرِ صدارت بجلی شعبے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کا پہلا دور آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس احمد خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، سابق وزیرِ بجلی محمد علی، رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، رانا احسان افضل، سلمان احمد اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو بجلی شعبے کی موجودہ پیداوار اور ترسیلی نظام کے حوالے سے تفصیلات اورحکومتی اقدامات اور تجاویز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو مستقبل میں بجلی کی کھپت و طلب کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ درآمدی کوئلے سے چلنے والے منصوبوں کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے سے ناصرف قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے گا بلکہ فی صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت میں 2 روپے کمی ممکن ہوگی۔ وزیرِ اعظم نے تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
404 - Page not found
The page you are looking for might have been removed had its name changed or is temporarily unavailable.
Go To Homepage