پی ٹی آئی نے لیول پلئینگ فیلڈ کی درخواست واپس لے لی
Image
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے لیول پلئینگ فیلڈ کی درخواست واپس لے لی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پی ٹی آئی لیول پلیئنگ فیلڈ کیس کی سماعت کی۔ پاکستان تحریک انصاف کے وکیل لطیف کھوسہ روسٹرم پر آئے اور موقف اپنایا کہ آپ کے 13 جنوری کے فیصلے کے بعد ملک بھر ہماری 230 سے زائد نشستیں چھن گئیں۔ یہ بھی پڑھیں https://sunonews.tv/08/01/2024/pakistan/63436/ وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ ہم آپ کی عدالت میں لیول پلیئنگ فیلڈ کیلئے آئے تھے، آپ نے 13 جنوری کی رات 11 بجکر 30 منٹ پر ایسا فیصلہ سنایا جس سے تحریک انصاف کا شیرازا بکھر گیا، کسی کو ڈونگا، کسی کو گلاس دے دیا گیا۔ پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ ہم اب کیا توقع کریں کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گی۔ جس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ہمارا فیصلہ ماننا ہے یا نہیں ماننا، یہ آپ کی مرضی، جمہوریت اور عوام کی بقا کیلئے عوام کی عدالت میں جانا چاہتے ہیں، آپ کی بہت مہربانی، بہت شکریہ۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل پی ٹی آئی سے استفسار کیا کہ آپ کیس چلانا چاہتے ہیں یا نہیں؟ جس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ مجھے ہدایات ملی ہیں، درخواست واپس لے لیں۔ سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔