نیلم منیر کے ساتھ شادی کی خبروں پر احسن خان کا ردعمل
Image

لاہور:(ویب ڈیسک )لالی ووڈ انڈسٹری کے مقبول ترین اداکار احسن خان کا کہنا ہے کہ اداکارہ نیلم منیر کے ساتھ ان کا نام جوڑنا اور ان کے ساتھ شادی کی خبریں پھیلانا مناسب نہیں ہے،یہ کسی بھی لڑکی کے لیے نہایت شرمنا ک ہوتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوٹیوب پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے خوبرو اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے نیلم منیر کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں،چونکہ ہم دونوں نے بہت سے ڈراموں اور فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے تو ناظرین کو ہماری جوڑی پسند آتی ہے ،یہ ہی وجہ ہے کہ ہمیں ایک ساتھ شوز میں بھی مدعو کرلیا جاتا ہے جس کے باعث ناظرین کی شو میں دلچسپی بڑھ جاتی ہے۔

احسن خان نے مزید کہا کہ سکرین پر نیلم منیر کے ساتھ ان کی جوڑی کو خوب پسند کیا جاتا ہے لہذا اسی بنیاد پر ان کی شادی کی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔انہیں ایسی افواہیں سن کر حیرانگی ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں شرم بھی آتی ہے کہ ان کا نام کسی لڑکی کے ساتھ جوڑا جاتا ہے۔لوگوں کو کسی بھی لڑکے کا نام کسی لڑکی کے ساتھ نہیں جوڑنا چاہئیے، کیوں کہ اس سے لڑکی کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

اداکار نے اس حوالے سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیلم منیر کے ساتھ شادی کی افواہوں پر شاید انہیں اتنا مسئلہ نہ ہو، جتنا اداکارہ کو ہوتا ہوگا، کیوں کہ لڑکوں کو ایسی باتوں سے زیادہ پریشانی نہیں ہوتی لیکن لڑکیوں کے لیے بہت سارے مسائل ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/15/01/2024/entertainment/64640/

دوسری شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ مذہب اسلام میں اس کی اجازت ہے لیکن وہ اجازت بھی مشروط ہے اور انہیں نہیں لگتا کہ انہیں دوسری شادی کی ضرورت ہے جب کہ دوسری شادی ضرورت کے تحت کرنی چاہئیے۔

احسن خان کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ دوسری شادی کرنے والا شخص اپنی پہلی بیوی اور بچوں کے ساتھ مخلص نہیں ہوتا، وہ ان کے بجائے صرف اپنا سوچتا ہے، اس لیے وہ دوسری شادی کرتا ہے۔

گذشتہ دنوں پاکستان کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال ٹی وی شو میں اپنی شادی اور ملک میں بڑھتی ہوئی طلاقوں پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔

اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنے والد کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی والدہ کی ہر چھوٹی سے چھوٹی بات کا خیال رکھتے ہیں، میری بھی خواہش ہے کہ ان کے والد کو بھی ایسا ہی داماد ملے، جیسے وہ خود ہیں۔

اسی دوران مومنہ اقبال آبدیدہ ہوگئیں اور خواہش ظاہر کی کہ میں چاہتی ہوں کہ مجھے بھی میرے والد جیسا ہی مرد شادی کے لیے ملے۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے طلاق کے بعد ایک دوسرے پر تنقید کرنے والی شخصیات اور عام افراد کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ انہیں ایسا نہیں کرنا چاہئیے کیوں کہ طلاق سے قبل ان دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ اچھا وقت گزارا ہوتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد عام طور پر لڑکے اپنی سابق بیوی کی برائیاں کرتے ہیں، اس وقت وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ انہوں نے اس ہی لڑکی کے ساتھ بہت سارا وقت بھی گزارا تھا۔

مومنہ اقبال نے کہا کہ جب طلاق یا تعلقات ختم ہونے کے بعد لڑکے اور لڑکیوں کو ایک دوسرے پر سوشل میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے دیکھتی ہوں تو مجھے تکلیف ہوتی ہے، میرے سے یہ چیزیں برداشت نہیں ہوتیں۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/14/01/2024/entertainment/64480/