29 November 2023

Homeکھیلعبدالرزاق نے متنازعہ بیان پر معافی مانگ لی

عبدالرزاق نے متنازعہ بیان پر معافی مانگ لی

سابق آل رائونڈر عبدالرزاق

عبدالرزاق نے متنازعہ بیان پر معافی مانگ لی

لاہور:(سنونیوز)بھارتی سپر اسٹار ایشوریا رائے کے بارے میں نامناسب بیان دینے پر سابق آل رائونڈر عبدالرزاق نے معافی مانگ لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عبدالرزاق نے فیس بک پر اپنا ویڈیو میسج اپلوڈ کیا جس میں انہوںنے کہا کہ میں ایونٹ میں کرکٹ کے حوالے سے نیت پر بات کرررہا تھا میں نے مثال کوئی اور دینی تھی لیکن میری زبان پھسل گئی اور میں نے ایشوریارائے جی کے بارے میں بات کردی۔

عبدالرزاق نے ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ وہ اپنے بیان کی معافی مانگتے ہیں ان کی زبان پھسل گئی تھی جس کی وجہ سے ان سے یہ غلطی سرزد ہوئی۔واضح رہے کہ قومی آل رائونڈر کو اس حرکت پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایاگیا تھا۔

 گذشتہ دنوں کرکٹ کے حوالے سے ہونے والی ایک تقریب میں سابق کپتان شاہد آفریدی،مصباح الحق،یونس خان اور شعیب ملک سمیت دیگر کرکٹرز بھی موجود تھے جو پاکستانی کرکٹ کی بہتری کے حوالے سے اپنے تجربات اور تجاویز شیئر کررہے تھے ۔

جب عبدالرزاق کو بولنے کا موقع ملا تو انہوں نے بتایا کہ کس طرح انہیں قومی ٹیم میں کھیلنے کا موقع ملا اور کس طرح کپتان یونس خان نے ان پر بھروسہ کیا جس کی بدولت وہ اپنا شاندار کیرئیر بنانے میں کامیاب ہوئے۔

نیت کے حوالے سے سابق آل رائونڈر نے نا مناسب مثال دینے کے لیے سابقہ مس یونیورس ایشوریا رائے کا نام لیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ان سے شادی کرے اور نیک پرہیزگار بچہ پیدا ہونے کی امید لگائے تو یہ اس کی غلط فہمی ہے ۔

عبدالزاق کی جانب سے دی جانے والی انتہائی نامناسب مثال پر ان کے ساتھ موجود سابق کرکٹرز نے تالیاں بجائی اور قہقہے لگائے تاہم سوشل میڈیا پر ان کا کلپ وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین کے غصے کا سبب بن گیا۔

راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے بھی عبدالرزاق کے نامناسب بیان پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ رزاق کی جانب سے جس طرح موازنے کے طور پر جس طرح ایک خاتون کی مثال کو پیش کیا گیا ہے وہ انتہائی نامناسب اور غیر اخلاقی ہے،کسی بھی عورت کے ساتھ اس طرح کا برتائو نہیں کیا جاسکتا۔

عبدالرزاق نے اس طرح کی بات پہلی مرتبہ نہیں کی وہ ماضی میں بھی اس طرح کے بیانات کے باعث سرخیوں میں رہ چکے ہیں،کچھ عرصہ قبل ایک پروگرام میں سابق آل رائونڈر نے قومی وویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ندا ڈار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی تو اب شادی بھی نہیں ہوسکتی کہ یہ جس فیلڈ میں ہیں اس میں تو وہ سارے احساسات اور جذبات ختم ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اگر آپ ان سے ہاتھ ملائیں گے تو یہ لڑکی نہیں لڑکا لگیں گی اتنے سخت ہاتھ ہوچکے ہیں،پروگرام میں عبدالرزاق کی جانب سے ندا ڈار کے بالوں کے حوالے سے بھی مضحکہ خیز کمنٹ کیا گیا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

Share With:
Rate This Article