29 November 2023

Homeپاکستانپیٹرول 10 روپے فی لٹر مہنگا ہونے کا امکان

پیٹرول 10 روپے فی لٹر مہنگا ہونے کا امکان

پیٹرول پمپ سے شہری پیٹرول ڈالواتے ہوئے/ فائل فوٹو

پیٹرول 10 روپے فی لٹر مہنگا ہونے کا امکان

اسلام آباد: (سنو نیوز) عالمی مارکیٹ میں سستے تیل کا فائدہ عوام تک پہنچنا مشکل ہو گیا۔ مہنگے ڈالر اور روپے کی قیمت میں غیر یقینی صورتحال کے باعث حکومت آئندہ پندرہ روز کے لئے پیٹرول مہنگا اور ڈیزل سستا کر سکتی ہے۔

کل رات حکومت آئندہ دو ہفتوں کے لئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کا تعین کرے گی۔ عالمی مارکیٹ میں گو کہ خام تیل سستا ہو کر 80 ڈالر فی بیرل سے کم پر ٹریڈ کر رہا ہے لیکن کمزور ہوتے روپے نے صورتحال کو بدل دیا ہے۔ آئندہ پندرہ روز کے لئے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لٹر اضافے کا امکان ہے جبکہ ڈیزل 13 روپے فی لٹر سستا ہو سکتا ہے۔

رواں ماہ کے تیرہ دنوں میں ڈالر کی قیمت میں 6 روپے 8 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 31 اکتوبر کو ڈالر کی قیمت 281 روپے 47 پیسے تھی جو تیرہ نومبر کو 287 روپے 55 پیسے پر پہنچ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں ڈیزل 97 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ خام تیل کے مقابلے میں ڈیزل کی قیمت میں زیادہ تیزی سے کمی آئی ہے، اس لئے ڈیزل سستا لیکن پیٹرول مہنگا ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مصدق ملک نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمار ے ملک میں اس وقت امید کا فقدان ہے، اسٹرکچرل تبدیلیوں اور درست حکمت عملی کے ساتھ غربت سے نکل سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول 40 روپے سستا

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ منتخب حکومت کو ایک ڈیڑھ سال مشکل فیصلے کرنا ہوں گے اس کے بعد ملک ترقی کے سفر پر آگے بڑھ جائے گا۔ الیکشن سے پہلے پیٹرول مزید سستا ہوگا تاہم ملک کی آمدن بڑھانے کے ذرائع بنانا پڑیں گے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ سیاسی جماعتیں معیشت پر اپنا اپنا نقطۂ نظر لے کر چل سکتی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے معاشی ایجنڈا کا مرکزی نکتہ غریب آدمی ہوگا، ملک میں سرمایہ کاری اور بزنس کیلئے رکاوٹیں دور کریں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ نگران حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کی فریاد سنتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کر دی تھی۔ پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 40 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے کمی کی گئی ہے۔40 روپے کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 283 روپے ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول 40 روپے سستا

اس سے قبل یکم اکتوبر 2023ء کو نگران حکومت کی جانب سے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تھی۔ اس وقت پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر کی کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

یکم اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے کمی کے بعد پیٹرول کی قیمت 323 روپے 38 پیسے مقرر کی گئی تھی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 11روپے فی لیٹر سستا کر کے نئی قیمت 318 روپے 18 پیسے مقرر کی گئی تھی۔

Share With:
Rate This Article