نسیم وکی کو کپل شرما شو کا کتنا معاوضہ ملا تھا ؟
لاہور:(ویب ڈیسک) بین الاقوامی شہرت کے حامل پاکستانی کامیڈین نسیم وکی نے معروف بھارتی کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ میں ایک قسط میں ملنے والا معاوضہ بتا دیا۔
سوشل میڈیا ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر نشر ہونیوالی ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے نسیم وکی کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک بھارت کے کامیڈی شو کی ایک قسط میں پرفارمنس کرنے کا 4 سے 5 لاکھ روپے معاوضہ ملتا تھا۔
اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا پوری دنیا میں منوانے والے نسیم وکی نے اپنے انٹرویو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ بھارتی کامیڈی پروگرام کپل شرما کے سکرپٹ کے لیے 7 سے 8 رائٹرز ہوتے ہیں جو سکرپٹ لکھتے ہیں پھر ایک دن ریہرسلز اور ایک دن ریکارڈنگ کی جاتی ہے۔
نسیم وکی کا پوڈ کاسٹ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ مذکورہ کامیڈی شو کی 1 قسط ریکارڈ کروانے کے 4 سے 5 لاکھ بھارتی روپے بطور معاوضہ ملا کرتا تھا اسکے علاوہ رہائش اور کھانا پینا بھی پروگرام کی پروڈکشن کیجانب سے ہوتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستانی کرنسی میں ڈبل بن جاتے تھے تو یہ معاوضہ تقریباً 10 لاکھ ہو جاتا تھا اور اگر آج کی تاریخ میں دیکھا جائے تو یہ 15 سے 20 لاکھ بن جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: معروف گلوکار ساحر علی بگا نے شکوہ کردیا
اس پوڈ کاسٹ کے میزبان کے ایک سوال پر نسیم وکی نے کپل شرما کے معاوضے کے بارے میں بتایا کہ اب انہیں فی قسط تقریباً 1 کروڑ بھارتی روپے تک ملتے ہونگے۔
ایک اور خبر کے مطابق معروف کامیڈین و اداکار ببو رانا نے طویل عرصے بعد سینئر صحافی آفتاب اقبال سے راہیں جد ا کر لی ہیں۔
ببو رانا ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں وہ بتا رہے ہیں کہ وہ 6 ماہ دبئی میں آفتاب اقبال کے ساتھ کام کرکے واپس آ گئے ہیں، اس عرصے میں انہوں نے اپنے گھر والوں اور بچوں کو بہت زیادہ یاد کیا کیونکہ وہ کبھی بھی کام کے لیے اپنے ملک اپنے بچوں سے اتنی دور نہیں گئے۔