چیئرمین سینٹ نے نگران وزیراعظم انورالحق کاکڑ کا استعفی منظور کر لیا
Image
اسلام آباد:(سنو نیوز) چیئرمین سینٹ نے نگران وزیراعظم انور الحق کاکڑ کا استعفی منظور کر لیا۔ نامزد نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سینٹ کی رکنیت سے استعفی دے دیا تھا جسے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے منظور کرلیا۔ سینٹ سیکرٹریٹ نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، انورالحق کاکڑ کا استعفیٰ آرٹیکل 64 کی شق ون کے تحت منظور کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کی کاپی چیف الیکشن کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے۔ انوار الحق کاکڑ 2018 میں آزاد حیثیت سے سینٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے، نامزد نگران وزیراعظم کی ایوان بالا کی رکنیت مارچ 2024 تک تھی، استعفی منظور ہونے کے بعد سینٹ کی سیٹ خالی ہوگئی۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے مابین نگران وزیراعظم کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کیا گیا تھا جس کے بعد سمری صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو بھیجی گئی جس کو صدر پاکستان نے منظور کر لیا تھا۔