آئی ایم ایف میں پاکستانی امداد رکوانے کی بھارتی سازش ناکام
Image

اسلام آباد: (سنو نیوز) عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) میں پاکستان کی امداد رکوانے کی بھارتی سازش ناکام ہوگئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ( آئی ایم ایف) نے پاکستان کو فنڈز جاری نہ کرنے کی بھارتی درخواست مسترد کردی ہے۔ تفصیل کے مطابق بھارت کا پاکستان مخالف ایجنڈا پھرعیاں ہو چکا ہے۔ پاکستان کے خلاف بھارت کی ایک اور سازش ناکام ہو گئی ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت عالمی مالیاتی فنڈ میں پاکستان کے خلاف شکایت لے کر پہنچا۔ 11 جنوری کو بھارت نے آئی ایم ایف بورڈ میں پاکستان کے خلاف شکایت رجسٹر کرائی۔ درخواست میں آئی ایم ایف سے مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان کو فنڈز جاری نہ کئے جائیں۔

بھارت کو پاکستان کے مقابلے میں اس وقت منہ کی کھانی پڑی جب آئی ایم ایف بورڈ نےبھارتی شکایت کو مسترد کر دیا۔ آئی ایم ایف بورڈ نے بھارتی شکایت کے جائزہ کے بعد پاکستان کو 700 ملین ڈالرز جاری کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق ان فنڈز کا اجرا جلد ہی کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/11/01/2024/pakistan/64131/

خیال رہے کہ 11 جنوری 2024ء کوامریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) کا اہم اجلاس ہوا جس میں پاکستان کو قرض کی دوسری قسط جاری کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔

وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر جاری کیے جائیں گے۔ پاکستان کیلئے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت قرض کی منظوری دی گئی ہے۔ پہلے اقتصادی جائزے کی تکمیل پر سٹاف لیول معاہدہ 15 نومبر کو طے پایا تھا۔

پاکستان کو قرض پروگرام میں سے 1.2 ارب ڈالر پہلے ہی مل چکے ہیں۔ آئی ایم ایف سے70 کروڑ ڈالر ملنے سے جاری کردہ رقم 1.9 ارب ڈالر ہو جائے گی۔