بیرسٹر گوہر کے گھر چھاپے کا معاملہ، ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار معطل
Image
اسلام آباد:(سنو نیوز) پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر کے گھر چھاپے کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او سمیت اسلام آباد پولیس کے 5 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔ بیرسٹرگوہر کے گھرپولیس جانے پر انکوائری کے حوالے سے ترجمان اسلام آباد پولیس کا بیان سامنے آیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 13 جنوری کو پولیس ایک مخبر کی اطلاع پر اشتہاری کی تلاش میں سیکٹر ایف سیون ٹو پہنچی، وہ گھر بیرسٹر گوہر کا ہے معلوم ہونے پر پولیس فوری واپس آگئی۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ میں اپنے گھر پولیس جانے کی شکایت کی، چیف جسٹس پاکستان نے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر کو طلب کیا اور معاملے کی تحقیق کا حکم دیا، معزز عدالت نے آئی سی سی پی او کو ذاتی طور پر بیرسٹر گوہر کی شکایت کو سننےکا کہا، جس پر آئی سی سی پی او اکبر ناصر خاں نے بیرسٹر گوہر کو تحقیق کی یقین دہانی کروائی۔ بیرسٹر گوہر کے گھر غیر قانونی چھاپے کے بعد تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او کی معطلی کا معاملے پر سب انسپکٹر محمد حیات کو ایس ایچ او تھانہ مارگلہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ سب انسپکٹر محمد حیات کا تھانہ پھلگران سے تھانہ مارگلہ ٹرانسفر کر دیا گیا، سب انسپکٹر خرم شہزاد کو ایس ایچ او تھانہ پھلگران تعینات کر دیا گیا، ایس ایچ او تھانہ مارگلہ حیدر علی کو پولیس لائنز کلوز کر دیا گیا۔ مزید پڑھیں https://sunonews.tv/13/01/2024/pakistan/64405/ اس سے قبل ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا تھا کہ آئی سی سی پی او نے کسی بھی پولیس افسر کے قصوروار ہونے پر کارروائی کی یقین دہانی کروائی اور ڈی پی او سٹی کو انکوائری افسر مقرر کرکے تفصیلی رپورٹ 3 دن میں طلب کی گئی۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق بیرسٹر گوہر کے گھر چھاپے کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او مارگلہ سمیت پانچ اہلکاروں کو تاحکم ثانی معطل کر دیا گیا ہے، معاملے کی تحقیقات ہو رہی ہیں، قانون کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہو گی۔