الخدمت فاؤنڈیشن: غزہ متاثرین کیلئے امدادی سامان کی چھٹی کھیپ مصر پہنچ گئی
Image
لاہور: (سنو نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت غزہ متاثرین کے لیے مزید 105 ٹن پر مشتمل امدادی سامان کی چھٹی کھیپ مصر پہنچ گئی۔ امدادی سامان کراچی ائیر پورٹ سے خصوصی طیارے کے ذریعے العریش ائیر پورٹ مصر پہنچایا گیا ہے جو بعد ازاں رفح کے رستے غزہ پہنچایا جائے گا۔ کراچی ائیر پورٹ سے امدادی سامان روانگی کی تقریب میں پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر احمد ربیعی، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، نائب صدر اعجاز اللہ خان، الخدمت کراچی کے منظر عالم اور دیگر ذمہ داران سمیت این ڈی ایم اے کے عہدیداران نے شرکت کی۔ یہ بھی پڑھیں https://sunonews.tv/13/02/2024/pakistan/69185/ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن این ڈی ایم اے اور پاک فضائیہ (شاہین ائیر پورٹ سروسز) کے تعاون سے غزہ متاثرین کے لیے بھجوائی گئی چھٹی کھیپ میں 45 ٹن تیار کھانا، 30 ٹن خیمے، 25 ٹن ادویات اور 5 ٹن کمبل شامل ہیں۔ الخدمت اِسی ماہ پاک بحریہ کے تعاون سے سمندر کے رستے مزید 400 ٹن امدادی سامان غزہ متاثرین کے لیے روانہ کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں، ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر نے اہل پاکستان کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔