عمران خان کا حکومت سازی کیلئے پیپلز پارٹی سے رابطہ نہ کرنے کا اعلان
Image
اسلام آباد: (سنو نیوز) سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کیلئے ابھی کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا، اس پر غور کروں گا، حکومت سازی کیلئے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی، ان تین جماعتوں کے علاوہ سب سے بات کرنے کو تیار ہوں۔ سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو وزیر اعلی خیبرپختونخوا نامزد کر دیا ہے، ان کی نامزدگی کا پارٹی کو پہلے ہی سے آگاہ کر دیا تھا، جیل میں کسی بھی اعلیٰ سرکاری عہدیدار سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، میں بنی گالہ شفٹ نہیں ہو رہا۔ یہ بھی پڑھیں https://sunonews.tv/13/02/2024/pakistan/69178/ عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسی دھاندلی ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، نواز شریف کی پریس کانفرنس ملتوی کرنے پر ہم جان گئے تھے کہ الیکشن جیت گئے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز دونوں الیکشن ہارے ہیں، عالیہ حمزہ نے جیل میں بیٹھ کر ایک لاکھ سے زائد ووٹ لئے، جب رزلٹ رُکنا شروع ہوئے تو یقین ہو گیا کہ پی ٹی آئی جیت گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روف حسن سے ملاقات ہوئی، انہیں 3 جماعتوں کے علاؤہ سب کو اکٹھا کرنے کا کہا ہے، انتخابات میں دھاندلی سے ملک میں عدم استحکام بڑھے گا، دھاندلی زدہ انتخابات کا معیشت پر برا اثر پڑے گا، کہتا رہا کہ آزاد اور شفاف انتخابات واحد حل ہیں، دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے والی تمام جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں۔ بانی تحریک انصاف نے مزید کہا کہ ہم سب سے پہلے انتخابی نتائج کو چیلنج کر رہے ہیں،انتخابی نتائج کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے، اب پتہ چل گیا کہ ہم آر اوز کے الیکشن کے خلاف کیوں تھے۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ سنڈیکیٹ کو لانے کی کوشش ہو رہی ہے، شریف خاندان ملک کا سب سے بڑا منی لانڈرر ہے، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ڈالرز ہیں اور یہ ڈالر بیرون ملک بھیجتے ہیں۔