پی ایس ایل9:کوئٹہ گلیڈی ایٹرزمیں بڑی تبدیلیاں
Image

کراچی (سنو نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ایڈیشن 9 شروع ہونے سے پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بڑے فیصلے کر لیے۔

پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 9 کا باقاعدہ آغاز 17 فروری 2024 سے لاہور میں ہوگا اور ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ پی ایس ایل 9 کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مینجمنٹ نے سرافراز احمد کو 8 سال بعد کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ سرفرازاحمد خود ٹیم کی کپتانی سے بریک لینا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ سرفراز احمد کی کپتانی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2019 کا ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ 2016 اور 2017 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل بھی کھیل چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کا تاج رائلی روسو یا سعود شکیل کو مل سکتا ہے جبکہ کپتانی کا فیصلہ دو سے چار روز میں ہو جائے گا جبکہ کوچ معین خان کو 8 سال بعد ٹیم ڈائریکٹر بنا دیا گیا اور آسٹریلوی کھلاڑی شین واٹسن اب سے کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ سابق کپتان سرفراز احمد نے کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے پی ایس ایل 9 میں بہت سود مند ثابت ہوں گے۔ عامر نے 2 سال میں جہاں بھی لیگ کھیلی وہ ٹیم ٹورنامنٹ کے ٹاپ پر رہی۔ انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے سرفراز احمد بولے کے انڈر19 ٹیم کے لڑکوں نے بہترین کارکردگی دکھائی۔