جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مقرر
Image
پشاور:(سنو نیوز) جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بن گئے، گورنر کے پی کے نے سمری پر دستخط کر دیے ہیں، سابق وزیر اعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم درانی میں نئے نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق ہوگیا۔ دونوں رہنماوں نے آج صوبے کے لئے نگران وزیر اعلی سے متعلق مشاورت کی، گذشتہ شب گورنر کے پی نے دونوں کو وزیر اعلی ہاوس بلانے کیلئے سمری ارسال کی تھی۔ جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے، وکالت ایبٹ آباد بار سے شروع کی، صوبہ خیبر پختونخوا کے آڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے عہدے پر رہے، پاکستان کے ڈپٹی اٹارنی جنرل کے عہدے پر بھی رہے، گلگت بلتستان سے بطور چیف جسٹس ریٹائرڈ ہوئے، موجودہ نگران کابینہ میں بطور نگران وزیر برائے قانون اور اوقاف تھے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے تھے، انہیں طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال لایا گیا تھا، نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کا نماز جنازہ کل تین بجے پڑانگ چارسدہ میں ادا کیا گیا۔ ڈائریکٹر آپریشنز آر ایم آئی ہسپتال ڈاکٹر گلزار کا کہنا تھا نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کو رات دس بجے آر ایم آئی منتقل کیا گیا تھا، گذشتہ رات جب انہیں منتقل کیا گیا ان کی طبیعت کافی ناساز تھی، چار دن سے انہیں ڈائریا اور الٹی کی شکایت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا سٹی سکین اور تمام ٹیسٹ کیے گیے، سٹی سکین سے پتہ چلا کہ ان کو ہرنیا ہے، اچانک 9 بجے ان کو دل کا دورہ پڑا جس کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔ یاد رہے 20 جنوری کو خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان سمیت اپوزیشن جماعتوں نے سابق چیف سیکریٹری اعظم خان کو نگراں وزیراعلیٰ بنانے پر اتفاق کیا تھا۔ اعظم خان نے 21 جنوری کو بطور نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف لیا تھا۔ یہ بھی پڑھیں: اعظم خان کا انتقال، خیبرپختونخوا کی کابینہ تحلیل اعظم خان نے ستمبر 1990 سے جولائی 1993 تک چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کے فرائض سرانجام دیئے، جنوری 1997 سے 6 جون 2007 تک یو این ڈی پی کے پروگرام تخفیف غربت کے ایڈوائزر تھے۔ اعظم خان کا پورا نام محمد اعظم خان تھا، ایک ریٹائرڈ بیوروکریٹ تھے، جو کہ ماضی میں وزیر خزانہ اور وفاقی سیکریٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور وفاقی سیکریٹری مذہبی امور رہے، ان کا تعلق چارسدہ کے پڑانگ علاقے سے تھا اور وہ سابق انسپکٹر جنرل پولیس محمد عباس خان کے بھائی تھے۔ اعظم خان نے ماضی میں چیف سیکریٹری اور مختلف وزارتوں کے سیکریٹری کے طور پر کام کیا، انہوں نے پشاور یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی جس کے بعد وہ بار ایٹ لا کی ڈگری مکمل کرنے کے لیے لندن میں بھی زیرِ تعلیم رہے۔