سیٹ ایڈجسٹمنٹ:ن لیگ اور آئی پی پی کے معاملات طے
Image

لاہور: (سنو نیوز) مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی کے لاہور میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے پا گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت آئی پی پی کو لاہور سے قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی ایک نشست مل گئی ہے۔ آئی پی پی کے عون چودھری قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 سے الیکشن لڑیں گے۔

این اے 117 سے عبدالعلیم خان "عقاب" کے نشان سے انتخاب لڑیں گے۔اس کے علاوہ وہ مریم نواز کے نیچے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 149 سے بھی الیکشن میں حصہ لیں گے، ن لیگ ان کے مدمقابل اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرے گی۔

پی پی 149 سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے چودھری شہباز مضبوط امیدوار تھے۔ ن لیگ نے لاہور سے اپنے امیدواروں کی ٹکٹوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ ن لیگ نے این اے 128 این اے 117 اور پی پی 149 سے کسی امیدوار کو تاحال ٹکٹ جاری نہیں کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ ن( پی ایم ایل این) کی جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا تاحال باقاعدہ اعلان نہیں کیا۔ ن لیگ اور آئی پی پی کے درمیان خاموش سیٹ ایڈجسٹمنٹ طے پا گئی ہے۔