اعظم خان کا انتقال، خیبرپختونخوا کی کابینہ تحلیل
Image
پشاور: (سنو نیوز) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد صوبائی کابینہ از خود تحلیل ہوگئی۔ تمام اختیارات گورنر کے پی غلام علی کو منتقل ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق صوبے کے تمام تر انتظامی اختیارات گورنر غلام علی کو حاصل ہو جائیں گے۔ نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا معاملہ سینیٹ میں جائے گا۔ سینیٹ کی 6 رکنی کمیٹی خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کا فیصلہ کرے گی۔ سینیٹ کی کمیٹی فیصلہ نہ کر پائی تو نئے وزیراعلیٰ کا معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا۔ یاد رہے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے، انہیں گزشتہ رات طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال لایا گیا تھا۔ نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کا نماز جنازہ آج ساڑھے تین بجے پڑانگ چارسدہ میں ادا کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر آپریشنز آر ایم آئی ہسپتال ڈاکٹر گلزار کا کہنا ہے نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کو کل رات دس بجے آر ایم آئی منتقل کیا گیا، کل رات جب انہیں منتقل کیا گیا ان کی طبیعت کافی ناساز تھی، چار دن سے انہیں ڈائریا اور الٹی کی شکایت تھی۔ انہوں نے کہا کہ کل رات ہی ان کا سٹی اسکین اور تمام ٹیسٹ کیے گیے، سٹی سکین سے پتہ چلا کہ ان کو ہرنیا ہے، ان کے آپریشن کے بارے میں آج فیصلہ ہونا تھا، آج اچانک 9 بجے ان کو دل کا دورہ پڑا جس کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔ واضح رہے 20 جنوری کو خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان سمیت اپوزیشن جماعتوں نے سابق چیف سیکریٹری اعظم خان کو نگراں وزیراعلیٰ بنانے پر اتفاق کیا تھا۔ اعظم خان نے 21 جنوری کو بطور نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف لیا تھا۔ اعظم خان نے ستمبر 1990 سے جولائی 1993 تک چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کے فرائض سرانجام دیئے، جنوری 1997 سے 6 جون 2007 تک یو این ڈی پی کے پروگرام تخفیف غربت کے ایڈوائزر تھے۔ اعظم خان کا پورا نام محمد اعظم خان تھا، ایک ریٹائرڈ بیوروکریٹ تھے، جو کہ ماضی میں وزیر خزانہ اور وفاقی سیکریٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور وفاقی سیکریٹری مذہبی امور رہ چکے۔ ان کا تعلق چارسدہ کے پڑانگ علاقے سے تھا اور وہ سابق انسپکٹر جنرل پولیس محمد عباس خان کے بھائی ہیں۔ اعظم خان نے ماضی میں چیف سیکریٹری اور مختلف وزارتوں کے سیکریٹری کے طور پر کام کیا۔ انہوں نے پشاور یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی، جس کے بعد وہ بار ایٹ لا کی ڈگری مکمل کرنے کے لیے لنکن-ان لندن میں بھی زیرِ تعلیم رہے۔ نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے نگران وزیرِاعلی خیبر پختونخوا کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کیلئے بلندی درجات اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ اعظم خان نے تمام عمر عوام کی بطور ایک فرض شناس اور قابل افسر خدمت کی، اعظم خان کا بطور سرکاری افسر کردار تمام سول سرونٹس کیلئے مشعل راہ رہے گا، بطور نگران وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا مشکل وقت میں صوبے کے انتظامی امور کو احسن طریقے سے انجام دیا، اعظم خان نے صوبے میں امن و امان اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا اعظم خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا اعظم خان کے انتقال پر دلی دکھ ہوا ہے، مرحوم کی وطن اور خیبرپختونخوا کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اللہ تعالی غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مرحوم کے درجات بلند فرمائے (آمین)۔ نگران وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کرتے ہیں۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ اعظم خان کے اچانک انتقال پر دلی صدمہ ہوا، مرحوم نے بطور نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا اور سابق بیوروکریٹ کے طور پر ملک کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دیں، اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ شہباز شریف مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال پر اظہار افسوس اور تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان نے بطور سول سرونٹ ایمانداری اور پروفیشنل ازم خدمات انجام دیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اعظم خان ایک ایسے خاندان سے تعلق رکھتے تھے جن کے کئی افراد نے ملک وقوم کی بڑے خلوص سے خدمت کی، 16 ماہ کی مخلوط حکومت کے دوران ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، ان کا جذبہ خدمت دیکھ کر بہت متاثر ہوا، سیلاب متاثرین کی مدد کی مہم کے دوران اعظم خان نے نہایت جانفشانی اور اخلاص سے کام کیا۔ لیگی رہنما نے کہا کہ اعظم خان کم گو لیکن نہایت ذہین اور بیدار ذہن شخص تھے، ملک وقوم کے لئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے ، اہل خانہ اور تمام وابستگان کو صبر جمیل دے۔ آمین۔ فردوس عاشق اعوان مركزی سیكرٹری اطلاعات استحكام پاكستان پارٹی ڈاكٹر فردوس عاشق اعوان نے نگران وزیراعلیٰ كے پی كے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ اعظم خان كی اچانک موت سن كر دلی صدمہ پہنچا، اعظم خان مرحوم کی وطن اور خیبرپختونخوا کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اللہ پاک مرحوم كے درجات بلند كرے اور لواحقین كو صبر جمیل عطا فرمائے۔

404 - Page not found

The page you are looking for might have been removed had its name changed or is temporarily unavailable.

Go To Homepage