اسلامک سمٹ پر ردعمل: اسرائیل نےغزہ پر بمباری تیز کر دی
Image

غزہ:(سنو نیوز)اسرائیل نے سعودی عرب میں ہونے والی اسلامک کانفرنس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے غزہ کی پٹی پر بمباری تیز کر دی ہے۔

تفصیل کے مطابق غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی جاری ہے، چارگھنٹے کا وقفہ امریکی بیان ہی رہا۔ جوبائیڈن نے کہا تھا کہ اسرائیل شمالی غزہ میں چار گھنٹے کےوقفے کیلئے رضا مند ہوگیا ہے۔ لیکن مکارصیہونی فوج کے حملوں میں وقفہ نہیں آیا ہے۔

شمالی غزہ میں بمباری جار لہے۔ البراق سکول پر بم مارکر اسے تباہ کردیا گیا ہے۔ حملے میں درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ القدس ،الشفا اور دیگر ہسپتالوں کے اطراف میں بھی اسرائیلی فوج کی بمباری جاری ہے۔

اسرائیلی حملوں میں 198سے زائدطبی عملے کے افراد شہید ہوچکے ہیں ۔ صیہونی فوج نے 53ایمبولینس تباہ کیں۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس نے سلامتی کونسل کے خطاب میں کہا کہ غزہ میں صحت کا نظام بری طرح متاثر ہے۔ غزہ میں اوسطا ہر دس منٹ میں ایک بچہ شہید ہورہا ہے۔

دوسری جانب حماس کے جنگجوئوں کے غزہ میں اسرائیلی فوج پر راکٹوں اور میزائلوں سے حملے بھی جاری ہیں۔ القدس بریگیڈز نے تازہ کارروائیوں کے مناظر بھی جاری کردیے ہیں۔ زخمی اسرائیلی فوجیوں کی حیفہ میں ہسپتال منتقلی کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔ تل ابیب پر القسام بریگیڈز کے راکٹ حملے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر اسرائیل کی سفاکیت کیخلاف اس کے اپنے فوجی ہی بول اٹھے ہیں۔ سابق جنگی پائلٹ نے حکومتی مظالم کا پردہ چاک کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے سابق جنگی پائلٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں نہتے فلسطینیوں کو ماررہی ہے۔ اسرائیل جنگی جرائم میں ملوث ہے۔ اسرائیلی ائیرفورس کے پائلٹ کو سچ بولنے پر 2000ء میں فوج سے نکال دیا گیا تھا۔ جو اب ناروے میں موجود ہے لیکن اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلندکررہا ہے۔