آٹھویں تھل جیپ ریلی: سٹاک کیٹیگری کی ریسز کا آج سے آغاز
Image
کوٹ ادو:(سنو نیوز) آٹھویں تھل جیپ ریلی کے تیسرے روز سٹاک کیٹیگری کی ریسز کا آغاز آج سے ہوگا، سٹاک اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگری میں 49 ریسرز شریک ہونگے۔ ریسرز 196 کلو میٹر کا ٹریک عبور کر کے چھانگا مانگا ٹیلہ پر اختتامی لائن کراس کریں گے، تیمور خواجہ سب سے پہلے سٹاک کیٹیگری میں ٹریک پر روانہ ہونگے۔ تھل جیپ ریلی کے تیسرے مرحلہ میں سٹاک کیٹیگری اور خواتین کیٹیگری کے اعصاب شکن مقابلے ہونگے، تیسرے مرحلہ میں سٹاک کیٹیگری کے 49 ریسرز اور خواتین کیٹیگری میں 3ریسرز حصہ لے رہے ہیں۔ تھل کے صحرا میں ریسرز کو مہارت کے جوہر دکھانے کے لیے 200 کلومیٹر طویل اور دشوار گزار ٹریک بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں جیپ ریلی کے موقع پر تھل میلے کی تقریبات تیسرے روز بھی جاری ہیں ، آج نیزہ بازی، گھڑڈانس کے مقابلے شیڈول ہیں جبکہ میلہ میں آج کلچرل شو کاانعقاد ہوگا۔ جیپ ریلی کے سلسلے میں آج مظفرگڑھ اور کوٹ ادو کی انتظامیہ نے مقامی تعطیل کا اعلان بھی کیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو تیاریاں کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں، تھل میلے میں مقامی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا جس سے عوام کو بہترین تفریح ملے گی، میلے میں حسب روایات سٹالز، کلچرل شو، میوزیکل نائٹ اور آتش بازی کا بھی اہتمام ہو گا۔ یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کا 9واں ایڈیشن، مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگری اپڈیٹ میلے میں کبڈی، والی بال، نیزہ بازی،گھڑ ڈانس سمیت دیگر کھیلوں کے دلچسپ مقابلے ہوں گے، شرکاء کو تھل کے کھانوں کی لذت سے روشناس کرانے کے لئے فوڈ سٹریٹ قائم کی جائے گی، ڈی پی او اسد الرحمٰن کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اور پارکنگ کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ عوام کی رہنمائی کے لئے خصوصی پولیس چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی، تھل جیپ ریلی کا آغاز 2015 میں سابق ایم پی اے قیصر خان مگسی نے کرایا تھا، تھل جیپ ریلی 9 نومبر سے 12 نومبر 2023 تک جاری رہے گی۔