سرجری کے دوران سوشل میڈیا انفلوئنسر ہلاک
Image
لندن:(ویب ڈیسک) برازیل سے تعلق رکھنے والی مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ریئلیٹی ٹی وی سٹار لوانا اینڈریڈ جسم سے چربی کم کروانے کی سرجری کے دوران ہلاک ہوگئیں۔ عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 29 سالہ لوانا اینڈریڈ اپنے جسم کی زائد چربی کو کم کروانے کیلئے ساؤ پالو کے ایک ہسپتال میں لائپو سکشن کروانے آئی تھیں، اُنکی یہ سرجری تقریباََ ڈھائی گھنٹوں پر مشتمل تھی۔ سرجری کے دوران ہی ٹی وی سٹار لوانا اینڈریڈ کے دل نے کام کرنا بند کر دیا تھا جسکے بعد ڈاکٹرز نے سرجری وہیں روکی اور دل کے علاج کیلئے اُنہیں انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کر دیا، آئی سی یو میں منتقل ہونے کے بعد ڈاکٹرز نے لوانا اینڈریڈ کے دل کا علاج شروع کیا لیکن بدقسمتی سے وہ جانبر نہ ہوسکیں اور اُنکی موت واقع ہوگئی۔ فوٹو: سوشل میڈیا میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لوانا اینڈریڈ کو بیک وقت دل کے 4 دورے پڑے تھے جسکے نتیجے میں دل سے پھیپھڑوں تک خون پہنچانے والی شریانوں میں خون کے لوتھڑے جم گئے تھے اور اسی وجہ سے اُنکی موت ہوئی۔ لوانا اینڈریڈ ایک مقبول سوشل میڈیا شخصیت تھیں جنکے انسٹاگرام پر لاکھوں فالوورز تھے، اُنہوں نے اپنے بوائے فرینڈ کے ہمراہ برازیل کے ریئلیٹی شو ‘پاور کپل’ کے چھٹے سیزن میں بطورِ امیدوار شرکت کی تھی۔ لائپوسکشن کیا ہے؟ لائپوسکشن کا مطلب چربی نکالنا ہے یعنی آپریشن کے ذریعے جسم سے فالتو چربی نکالنے کے عمل کو لائپو سکشن کا نام دیا گیا ہے، الٹرا سائونڈ شعاعوں کے ذریعے جسمانی چربی پگھلا کر نکالنے کے عمل کو لائپوسکشن کہتے ہیں۔