میں تو پاکستانیوں کیلئے محکمہ موسمیات کا کُکڑ بن گیا ہوں: وسیم اکرم
Image

لاہور:(سنو نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم ایشیا کپ کے دوران پاکستانیوں کے لیے سری لنکا میں محکمہ موسمیات کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وسیم اکرم نے اپنی مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں مزاحیہ انداز میں ویڈیو کے آغاز میں وسیم اکرم نے سلام اور گڈ مارننگ کہا اور پھر مذاق میں کہا کہ میں تو پاکستانیوں کے لیے ’محکمہ موسمیات کا کُکڑ‘ ہی بن گیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کولمبو میں رات بھر بارش ہوتی رہی اور کبھی تھمتی بھی رہی، ابھی بھی آسمان پر کالے بادل ہیں اور ہوائیں چل رہی ہیں۔ سابق فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ ابھی تو موسم قدرے بہتر ہے لیکن میچ شروع ہونے کے بعد کیا تبدیلی آتی ہے؟ اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے مابین جاری میچ مسلسل بارش ہونے کے باعث ختم کردیا گیا تھا، میچ آج ریزرو ڈے میں وہیں سے شروع کیا جائے گا جہاں پر ختم کیا گیا تھا۔ 24.1 اوورز کے میچ میں پاکستان کیخلاف بھارت نے دوکٹوں کے نقصان پر 147رنز بنائے تھے۔

کولمبو میں ہونے والی وففے وقفے سے موسلادھار بارش نے میچ کو آج تک لانے پر مجبور کردیا تھا، میچ ریفریز کی جانب سے بارش بند ہونے پر گرائونڈ کا معانہ کیا گیا تھا تاہم ایمپائز کی جانب سے اگلے معائنے سے پہلے دوبارہ بارش شروع ہوگئی تھی جس پر ایمپائرز نے بقیہ میچ ریزرو ڈے پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

گذشتہ روز بھارت کے کے ایل راہول 17 جبکہ ویرات کوہلی 8 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ روہت شرما 56 اور شبمن گل 58 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ایشیاء کپ کے بڑے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 267 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ تاہم پالی کیلے میں بار بار ہونے والی بارش نے میچ کا مزہ خراب کر دیا تھا۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے میچ کو بے نتیجہ ختم کرنا پڑا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔