جسٹس منصور علی شاہ آئندہ چیف جسٹس ہونگے
Image

اسلام آباد: (سنو نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے استعفے کیساتھ ہی سپریم کورٹ میں اہم تبدیلیاں ، جسٹس منصور علی شاہ آئندہ چیف جسٹس ہونگے۔

تفصیل کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن کے استعفیٰ دینے کے بعد جوڈیشل کمیشن اور سپریم جوڈیشل کونسل میں بھی اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس یحییٰ آفریدی جوڈیشل کمیشن کے ممبر بن گئے ہیں۔

جسٹس اعجازالاحسن سپریم کورٹ کی سنیارٹی میں تیسرے سینئر ترین جج تھے۔ موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ کے بعد رواں سال اکتوبر میں انہیں ملک کا آئندہ چیف جسٹس بننا تھا۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی اگست 2025 ء میں ریٹائرمنٹ ہونا تھی۔دوسری جانب اٹارنی جنرل آف پاکستان نے جسٹس اعجاز الااحسن کے استعفیٰ کی تصدیق کر دی ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ کے بعد منیب اختر سینئر جج ہیں جو کہ 13 دسمبر 2028 ء میں ریٹائر ہوں گے۔ سپریم کورٹ کے معزز جج جسٹس منصور علی شاہ کے چیف جسٹس بننے کے بعد عدالت عظمیٰ میں سینیورٹی پر موجو د 7ویں اور8ویں نمبر پر موجود جسٹس امین الدین اور جسٹس جمال خان مندو خیل ریٹائر ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/11/01/2024/pakistan/64106/

خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے معزز جج جسٹس اعجاز الاحسن مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے آج ہی سپریم جوڈیشل کونسل میں شرکت سے معذرت کی تھی۔

جسٹس اعجاز الااحسن نے جسٹس مظاہر نقوی کیخلاف الزامات کو مسترد کیا تھا۔ سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کے استعفیٰ کے باوجود کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سنو نیوز ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس اعجازالاحسن نے اکتوبر میں چیف جسٹس بننا تھا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے اپنا استعفی صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مس کنڈکٹ کی شکایات کا سامنے کرنے والے سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کا استعفی منظور کرلیا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس مظاہر نقوی کا استعفیٰ وزیراعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 179کے تحت منظور کیا۔

گذشتہ روز جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کر دیا تھا۔ صدر مملکت کو ارسال کردہ خط میں انہوں نے کہا کہ پہلے لاہور ہائی کورٹ اور پھر سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے طور پر تعینات ہونا اور خدمات انجام دینا اعزاز کی بات ہے۔