آج رات ٹکٹوں کا اعلان کروں گا: بیرسٹر گوہر
Image

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ انتخابات کے لیے ٹکٹوں سے متعلق مشاورت مکمل ہوگئی ہے اور آج رات گیارہ بجے قبل پہلے ٹکٹس کا اعلان کر دوں گا۔

بیرسٹر گوہر کا اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پشاور ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا پی ٹی آئی کو بلے کا نشان واپس دیا جائے، الیکشن کمیشن آف پاکستان عدالتی احکامات کا احترام کرے، اس پر لازمی ہے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے پر فوری طور پر عمل کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، اگر وہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانا چاہتا ہے تو یہ اس کا حق ہے، ہمیں عدلیہ پر اعتماد ہے کہ ہمارے ساتھ انصاف ہوگا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے الگ ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، نیب کا ٹرائل تیزی چلایا جارہا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس کی سماعتوں کو غیر قانونی قرار دیا ہے، ایسے ہی نیب کورٹ کے ٹرائل کو بھی غیر قانونی قرار دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے لیے ٹکٹوں سے متعلق مشاورت مکمل ہوگئی ہے، آج رات 11 بجے سے پہلے ٹکٹوں کا اعلان کروں گا اور آج کی تاریخ میں ہی انتخابی ٹکٹوں کا اعلان کردیں گے جبکہ تین، چار روز میں انتخابی مہم کا بھی آغاز کرنے جارہے ہیں۔