قوم کو بتانا ہوگا شہید بھٹو کے قتل میں سہولت کار کون تھے ؟ بلاول
Image
کوہاٹ: (سنو نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 12 سال بعد شہید بھٹو کیس کے ریفرنس کی سماعت ہونے جا رہی ہے، قوم کو بتانا ہوگا کہ قائد عوام کے قتل میں سہولت کار کون تھے ؟ لوگ جانتے ہیں کہ قائد عوام بے قصور تھے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیالوں نے دنیا بھر میں پیغام پہنچا دیا کہ خیبرپختونخوا میں پیپلزپارٹی موجود ہے، پیپلزپارٹی کے ورکرز کنونشن کامیاب رہے، خیبرپختونخوا میں بھٹوزندہ ہے اور رہے گا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہا ہمیں خیبرپختونخوا میں ورکرز کنونشن نہ کرنے کا کہا گیا، کہا گیا خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی خدشات ہیں، ہمیں کہا گیا خیبرپختونخوا میں دہشت گرد پھر رہے ہیں، کہا گیا خیبرپختونخوا میں کسی اور کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ ہوچکا ہے، میں نے کہا جیالے ڈرنے اور جھکنے والے نہیں ہیں۔ یہ بھی پڑھیں https://sunonews.tv/10/12/2023/latest/58736/ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل پیپلزپارٹی کے منشور میں موجود ہے، ہمارا کوئی سیاسی مخالف نہیں ہے، ہمارا مقابلہ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی سے ہے، پیپلزپارٹی اشرافیہ نہیں، عوام کی نمائندگی کرتی ہے، ہمارا مقابلہ کھلاڑی کرسکتا ہے نہ کوئی اور، روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ غریبوں کے مسائل حل کرنے کیلئے دیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ کوئی جیل سے نکلنے اور کوئی بچنے کیلئے الیکشن لڑنا چاہتا ہے، کچھ لوگ ذاتی مسائل کے حل کیلئے الیکشن لڑ رہے ہیں، نفرت، تقسیم اور ذاتی دشمنی کی سیاست کو ختم کریں گے، ہم نہیں ڈریں گے، عوام میں جاکر اپنا منشور بتائیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آمر اور سیاستدان شہید بھٹو کے قتل میں سہولت کار تھے، جو آمر اور سیاستدان اس قتل میں سہولت کار تھے وہ قوم کے مجرم ہیں، کوئی تیار ہو نہ ہو ہم ا لیکشن کیلئے تیار ہیں، میں عوام کے مسائل کا حل نکالنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہوں، حکومت بنا کر عوام کو ان کا حق دلوائیں گے، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔