غزہ میں بچوں کے قاتل فرعون کے راستے پر چل رہے ہیں: انوارالحق کاکڑ
Image
تاشقند: (سنو نیوز) نگران وزیراعطم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ غزہ میں بچوں کے قاتل فرعون کے راستے پر چل رہے ہیں، غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جارہا ہے، غزہ میں جاری جنگ فوری بند ہونی چاہئے۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسیٰ ؑ کی پیدائش پر فرعون نے بچوں کو قتل کیا اور اب بدقسمتی سے جو لوگ ان کے پیروکار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں وہ فرعون کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ انوار الحق کاکڑ نے مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیتے کہا ای سی او رکن ممالک غزہ میں جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور اسرائیل کے احتساب کی کوششوں کی حمایت کریں۔ انہوں نے ہسپتالوں پر بمباری اور محصور پٹی میں معصوم شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان غزہ میں جاری بربریت کی شدید مذمت کرتا ہے، غزہ میں جاری جنگ فوری بند ہونی چاہئے، غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی عدم رواداری، زینوفوبیا اور اسلاموفوبیا پر بین الاقوامی برادری کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ باہمی احترام، بین المذاہب ہم آہنگی اور پر امن بقائے باہمی کو فروغ دیتے ہوئے اسلاموفوبیا کے گھناؤنے اضافے کے خلاف سیاسی اور قانونی مزاحمت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ نگران وزیراعظم نے باہمی تجارت اور رابطوں کو فروغ دینے کے حوالے سے ای سی او کی راہداری پر مبنی نقطہ نظر جیسے کرغزستان-تاجکستان-افغانستان-ایران , اسلام آباد-تہران-استنبول” ( آئی ٹی آئی)، قازقستان، ترکمانستان اور ایران ( کے ٹی آئی) اور دیگر کی حمایت کی اور کہا کہ مربوط ٹرانسپورٹ منصوبے تعمیر و ترقی میں مدد کریں گے۔ یاد رہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ آج سعودی عرب جائیں گے۔ ریاض میں ہونے والے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کرینگے۔ اجلاس میں غزہ میں اسرائیلی ظلم و بربریت پر غور کیا جائے گا۔ واضح رہے اسرائیلی افواج کی کھنڈر نما شہر غزہ پر مسلسل بمباری سے ہسپتال، مساجد، گرجا گھر اور کئی آبادیاں صفحہ ہستی سے مٹ گئے، عورتوں اور بچوں سمیت فلسطینی شہدا کی تعداد 10 ہزار 812 سے تجاوز کرگئی۔ اسرائیل کو غزہ پر بمباری کرتے 34 روز ہوگئے۔ ہر نیا دن سیکڑوں شہادتیں سامنے لے کر آرہا ہے۔ انڈونیشین ہسپتال کے قریب ہولناک بمباری کر دی۔ النصر ہسپتال کو بھی دو بار نشانہ بنا ڈالا، درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوگئے۔ غزہ میں مجموعی شہادتوں کی تعداد 10 ہزار 812 ہوگئی ہے جن میں 4 ہزار 412 بچے اور 2 ہزار 918 خواتین ہیں۔ اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نتین یاہو نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اُن کی فوج کی حماس کے خلاف کارروائی ’غیرمعمولی‘ ہے، فلسطینی علاقے پر قبضے کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ بنیامین نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اسرائیلی فوج غیرمعمولی کارکردگی دکھا رہی ہے۔ ہم غزہ کا انتظام نہیں سنبھالنا چاہتے۔ ہم اس پر قبضہ نہیں کرنا چاہتے لیکن ہم غزہ اور اپنے لیے ایک بہتر مستقبل چاہتے ہیں۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں فرانسیسی صدر نے غزہ کے حوالے سے کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے اسرائیل سے عام شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کی اپیل کی۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے کہا کہ تمام زندگیوں کی قدر و قیمت ایک جیسی ہے، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو قوانین کی خلاف ورزی کر کے نہیں لڑا جا سکتا۔ وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ اسرائیل روزانہ چار گھنٹے کے لیے جنگ میں عارضی توقف پر راضی ہوگیا ہے تاکہ غزہ میں امدادی سامان پہنچایا جا سکے۔ امریکہ کے نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ اسرائیل نے جنگ میں چار گھنٹے کی روزانہ عارضی توقف کے وقت کا اعلان کم از کم تین گھنٹے پہلے کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلیفونگ گفگتو میں روزانہ کی بنیاد پر جنگ میں عارضی تعطل کرنے پر زور دیا تھا۔ جو بائیڈن نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے یرعمالیوں کے رہائی کے حوالے سے مذاکرات کے دوران اسرائیل سے کہا تھا کہ تین دن سے زائد کے لیے جنگ میں تعطل کا اعلان کریں تاہم انہوں نے جنگ بندی کے امکان کو مسترد کر دیا۔