شمالی وزیرستان: دہشتگردوں سے جھڑپ، لانس نائیک جمشید خان وطن پر قربان
Image
وزیرستان: (سنو نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں سے جھڑپ میں فائرنگ کے تبادلے میں 28سالہ لانس نائیک جمشید خان وطن پر قربان ہو گیا ۔ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں میرعلی کے علاقے میں دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار شہید ہوگیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں دہشتگردوں کیساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشتگردوں کو مؤثر جواب دیا تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع اپر دیر سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ لانس نائیک جمشید خان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے علاقے میں کلیرنس آپریشن جاری ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔