عمران خان کی گرفتاری پر شوبز شخصیات کا اظہار برہمی
Image
لاہور(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری پر شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے عمران خان کی گرفتاری کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے لکھا کہ عمران خان عدالت میں ضمانت کے لیے حاضر ہوئے تھے۔ اداکارہ نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ وہ عمران خان کی گرفتاری کا نوٹس لے کر ان کی عدالتوں میں پیشی اور ضمانت کو یقینی بنائیں۔ سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے بھی چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آج تک 72 سال میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا کہ یوں سابق وزیر اعظم کو اس طرح گرفتار کیا جائے۔ اداکارہ مایا علی نے عمران خان کی گرفتاری کو پاکستان کا سیاہ دن قرار دیا اور لکھا کہ یہ انتہائی شرمناک عمل ہے کہ کپتان اور ملک کے واحد وزیر اعظم کو اس طرح گرفتار کیا گیا، ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا کہ اور کتنا گرو گے؟ گلوکارہ عینی خالد نے عمران خان کی گرفتاری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی متعدد سوشل میڈیا پوسٹس میں تحریک انصاف کے چیئرمین کی رہائی کی خاطر لوگوں سے احتجاج کی اپیل کی۔ گلوکارہ و اداکارہ قرۃ العین بلوچ نے مختصر ٹوئٹ میں لکھا کہ اب وہ جمہوریت کے ساتھ نہیں ہیں۔